صوبائی حکومت تمام تعلیمی بورڈز میں ملازمین کی ریشفلنگ کے احکامات جاری کریں۔ایپکا
دو سال سے زائد ایک ہی سیٹ پر تعینات اہلکاروں کے خلاف کارروائی میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ مرکزی سیکرٹری جنرل ایپکا
مردان(نمائندہ خصوصی) گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ سہیل آفریدی اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخواہ ،اور سیکرٹری تعلیم فوری طور پر تمام تعلیمی بورڈز میں ملازمین کی ریشفلنگ کے احکامات جاری کریں۔دو سال سے زائد ایک ہی سیٹ پر تعینات اہلکاروں کے خلاف کارروائی میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ایپکا نے صوبہ گیر احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔ال پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اورنگزیب کشمیری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کے تعلیمی بورڈز میں غیر منصفانہ پروموشن، ایڈجسٹمنٹ اور پسند ناپسند پر مبنی تعیناتیوں نے میرٹ کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بعض بورڈز کی انتظامیہ نے اداروں کو اپنی ذاتی جاگیر سمجھ رکھا ہے اور اپنے من پسند اہلکاروں کو سالہا سال ایک ہی سیٹ پر قابض رکھا ہوا ہے۔اورنگزیب کشمیری نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا سے فوری نوٹس لینے اور صوبے بھر کے تمام تعلیمی بورڈز میں ریشفلنگ کے احکامات جاری کرنے کا زور دار مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اگر دو سالہ تبادلہ پالیسی پر فی الفور عملدرآمد نہ کیا گیا تو ایپکا صوبہ گیر احتجاجی تحریک کا آغاز کرے گی، اور اس تحریک کا دائرہ کار پورے صوبے تک پھیلایا جائے گا۔انہوں نے خبردار کیا کہ جو افسران اپنے من پسند افراد کو غیر قانونی طور پر مخصوص سیٹوں پر قابض رکھے ہوئے ہیں، وہ ہوشیار ہو جائیں، کیونکہ ایپکا خاموش نہیں بیٹھے گی۔ایپکا کی تحریک کا مقصد تمام سرکاری ملازمین کے ساتھ برابری، شفافیت، اور قانون کے یکساں نفاذ کو یقینی بنانا ہے۔