*جامعہ کراچی: روسی زبان کا کورس مکمل کرنے والے طلبہ میں اسناد کی تقسیم کی تقریب*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ بین الاقوامی تعاون ثقافتی تفہیم اور تعلیمی تبادلے کو فروغ دینے میں نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روسی زبان کے اس کورس کی کامیاب تکمیل پاکستان اور روس کے درمیان علمی روابط کو مزید مستحکم کرنے کی سمت ایک مثبت قدم ہے۔ وائس چانسلر نے کورس مکمل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے پروگرامز کا تسلسل برقرار رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سردار یاسین ملک پروفیشنل ڈیولپمنٹ سینٹر جامعہ کراچی میں روسی زبان کے کورس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس کا اہتمام روسی مرکز برائے سائنس و ثقافت (Russian Friendship House) کے اشتراک سے کیا گیا تھا۔ اس موقع پر روسی مرکز برائے سائنس و ثقافت کے ڈائریکٹر، سردار یاسین ملک پروفیشنل ڈیولپمنٹ سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سید عاصم علی اور روسی اساتذہ ڈاکٹر انتون و پروفیسر رومن بھی موجود تھے۔ روسی مرکز برائے سائنس و ثقافت کے ڈائریکٹر نے جامعہ کراچی کے فعال کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی طلبہ کی روسی زبان سیکھنے میں دلچسپی دونوں ممالک کے مابین دوستی اور ثقافتی قربت کی عکاس ہے۔ ڈاکٹر سید عاصم علی نے اپنے خطاب میں کہا کہ نئی زبان سیکھنا محض علم کا اضافہ نہیں بلکہ اقوام کے مابین رشتہ جوڑنے کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے روسی اساتذہ کی محنت اور جامعہ انتظامیہ کے تعاون کو سراہتے ہوئے اعلان کیا کہ مستقبل میں روسی زبان کے مزید کورسز اور طلبہ کے تبادلے کے پروگرام ترتیب دیے جائیں گے۔ روسی اساتذہ ڈاکٹر انتون اور پروفیسر رومن نے بھی طلبہ کی لگن، دلچسپی اور نظم و ضبط کو سراہا اور کہا کہ پاکستانی طلبہ روسی زبان اور ثقافت سے اپنے تعلق کو مزید فروغ دیں گے۔تقریب کے اختتام پر کورس مکمل کرنے والے طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں، جس کے بعد یادگاری گروپ فوٹو لیا گیا۔ یہ تقریب جامعہ کراچی اور روسی مرکز برائے سائنس و ثقافت کے باہمی تعاون کے فروغ میں ایک اور نمایاں سنگِ میل ثابت ہوئی۔