*جامعہ کراچی اور سندھ فیڈ کے مابین کیمپس میں منی فیڈ مل کی سہولت قائم کرنے کے لئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جامعہ کراچی کے شعبہ فعلیات (فزیالوجی) اور سندھ فیڈ اینڈ الائیڈ پروڈکٹس کے درمیان شعبہ کی پولٹری سائنس پروگرام کے لئے منی فیڈ مل کی سہولت قائم کرنے کے لیے گزشتہ روز مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ یہ سہولت یونیورسٹی کے کیمپس میں قائم کی جائے گی۔ دستخط کی تقریب وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں منعقد ہوئی۔ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور سندھ فیڈ اینڈ الائیڈ پروڈکٹس کے جنرل مینجر رضوان اللہ لودھی نے مفاہمتی یادداشت کے دستاویزات پر دستخط کئے۔ اس مفاہمتی یادداشت کے تحت، سندھ فیڈ اینڈ الائیڈ پروڈکٹس پولٹری سائنس پروگرام کو زرعی کاروباری اداروں میں معاونت فراہم کرے گا، علاوہ ازیں شعبہ فعلیات کو شیخ محمد انور اینمل نیوٹریشن ریسرچ فیسلٹی قائم کرنے اور چلانے میں بھی مدد فراہم کرے گا، جس کا مقصد حیوانات، دودھ دینے والے جانوروں اور پولٹری نیوٹریشن کے شعبے میں مشترکہ تحقیق، طلبہ و فیکلٹی کی تربیت اور ترقی میں اہم کردار ادا کرنا ہے۔ مفاہمتی یادداشت میں مقامی فیڈ فارمولیشنز کی ترقی اور متبادل خام مال کے تجزیے کی بات بھی شامل ہے۔ سندھ فیڈ اینڈ الائیڈ پروڈکٹس طلبہ کو تربیت اور انٹرنشپ فراہم کرے گا اور تکنیکی مہارتوں کا تبادلہ بھی کرے گا۔ سندھ فیڈ اینڈ الائیڈ پروڈکٹس کے جنرل مینیجر رضوان اللہ لودھی نے اس موقع پر کہا کہ وہ پولٹری کاروبار میں استعمال ہونے والی ویکسینز کے بارے میں شعبے کو علم فراہم کرنے میں بھی معاونت کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ شعبے کو ایک پائلٹ مشین بھی فراہم کریں گے جو منی فیلڈ مل کی سہولت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔ہم چاہتے ہیں کہ اپنی مہارت اور علم کو نئی نسل تک منتقل کریں تاکہ وہ مستقبل میں اس کاروبار کی قیادت کر سکیں۔پروفیسر ڈاکٹر طاہر احمد خان نے کہا کہ جب شعبہ پولٹری سائنس ڈگری پروگرام کے آغاز پر کام کر رہا تھا، تو وہ سندھ فیڈ اور پولٹری کے شعبے سے متعلق دیگر تنظیموں کے ساتھ نصاب کو مرتب کر رہے تھے۔ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ چند شعبے ایسے ہیں جنہوں نے صنعت و تعلیم کے تعلقات کو مستحکم کیا ہے اور شعبہ فزیالوجی ان میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ عملی تعلیم طلبہ کے لیے ضروری ہے اور اس طرح کی پہل طلبہ کے لیے نئے مواقع کے دروازے کھولے گی۔ اس موقع پر سندھ فیڈ کے پروڈکشن مینجر منور حسین منائس، سندھ فیڈ کے ڈائریکٹر نبی بخش انور، ایپے فارمز کے مارکیٹنگ مینیجر محمد عمر، کراچی یونیورسٹی کے فیکلٹی آف سائنس کی ڈین پروفیسر ڈاکٹر ریحانہ سعید، شعبہ فزیالوجی کی چیئرپرسن ڈاکٹر لبنیٰ ناز، ڈاکٹر ذوالفقار احمد، ڈائریکٹرآفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن ڈاکٹر سیدہ حور العین اور دیگر ارکان بھی موجود تھے۔