32

*جامعہ کراچی اور پروفیشنل ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے درمیان اسکالرشپس کے اجرا کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط*

*جامعہ کراچی اور پروفیشنل ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے درمیان اسکالرشپس کے اجرا کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط*

کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جامعہ کراچی اور پروفیشنل ایجوکیشن فاؤنڈیشن (پی ای ایف) کے مابین مستحق اور باصلاحیت طلبہ کے لیے اسکالرشپس کے اجرا کے سلسلے میں مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کی تقریب گزشتہ روز وائس چانسلر سیکریٹریٹ، جامعہ کراچی میں منعقد ہوئی۔
مفاہمتی یادداشت پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور پروفیشنل ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے چیف آپریٹنگ آفیسر جاوید فاروقی نے دستخط کیے۔ معاہدے کے تحت کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول اور شعبہ کمپیوٹر سائنس کے طلبہ کو میرٹ اور نیڈ بیسڈ اسکالرشپس فراہم کی جائیں گی۔ یہ اسکالرشپس ڈونرز کی جانب سے طے کردہ شرائط و ضوابط کے مطابق تقسیم کی جائیں گی۔ چیف آپریٹنگ آفیسر پی ای ایف جاوید فاروقی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ پروفیشنل ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے بانی نے 2009 میں پاکستان واپسی کے بعد اس منصوبے کا آغاز اس عزم کے ساتھ کیا کہ بیرونِ ملک حاصل کردہ کامیابیوں کا اعتراف اپنی کمیونٹی اور وطنِ عزیز کی خدمت کے ذریعے کیا جائے۔انہوں نے بتایا کہ اب تک ملک بھر میں 3,400 سے زائد طلبہ کو میرٹ اور نیڈ بیسڈ اسکالرشپس فراہم کی جاچکی ہیں اور یہ سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیڈ بیسڈ اسکالرشپس کے لیے زکوٰۃ فنڈ استعمال کیا جاتا ہے، جبکہ میرٹ اسکالرشپس کے لیے علیحدہ فنڈ مخصوص ہے۔ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے حاضرین کو بتایا کہ جامعہ کراچی واحد اعلیٰ تعلیمی ادارہ ہے جو مستحق طلبہ کو داخلہ حاصل کرنے کے لئے اسٹوڈنٹس ایڈمیشن فنڈ (SAF) کے تحت مالی معاونت فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس فنڈ کے لئے دس ملین روپے مختص کیے گئے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق طلبہ کو تعلیم کے مواقع میسر آئیں، جب کہ آئندہ سال اس فنڈ میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ جامعہ کراچی کے مختلف شعبوں کے سابق طلبہ، سرکاری و نجی ادارے، اور فلاحی تنظیمیں بھی اسکالرشپس کے اجرا میں فعال کردار ادا کر رہی ہیں، جو قابلِ ستائش ہے۔ اس موقع پر پی ای ایف کے ایڈمن اینڈ فنانس منیجر طاہر حسین، منیجر اسٹوڈنٹ افیئرز اقصیٰ طاہر، پروفیسر ڈاکٹر انیلا امبر ملک، انچارج اسٹوڈنٹس فنانشل ایڈ آفس پروفیسر ڈاکٹر ذی اسما حنیف خان، چیئرمین شعبہ کمپیوٹر سائنس ڈاکٹر صادق علی خان، انچارج کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول ڈاکٹر شیخ محمد فخرِ عالم، ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن ڈاکٹر سیدہ حورالعین اور ان کا عملہ بھی موجود تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں