69

سکھر (بیورورپورٹ۔۔۔۔سید نصیر حسین زیدی) کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی کی زیر صدارت حکومت سندھ کے کسانوں کے لیے گندم اگاؤ سپورٹ

سکھر (بیورورپورٹ۔۔۔۔سید نصیر حسین زیدی) کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی کی زیر صدارت حکومت سندھ کے کسانوں کے لیے گندم اگاؤ سپورٹ پروگرام 2025ء، گزشتہ پولیو مہم کے جائزے سمیت محکمہ جنگلات اور روینیو معاملات کے متعلق ایک اہم اور مشترکہ اجلاس کمشنر آفس کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا،اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر ون محمد عامر انصاری، ایڈیشنل کمشنر ٹو محمد حاجن، ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد، ڈپٹی کمشنر خیرپورمیرس فیاض حسین راہوجو، ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد کنرانی، تینوں اضلاع کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، کنزرویٹر فاریسٹس سکھر، ڈائریکٹر زراعت سکھر، ڈویژنل فاریسٹ آفیسر و ڈسٹرکٹ افسران، سکھر ڈویژن کی تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، سروے سپرنٹنڈنٹٹ سکھر اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی نے سندھ حکومت کے گندم اگاؤ سپورٹ پروگرام 2025ء، اکتوبر کی گزشتہ پولیو مہم کا جائزہ لینے سمیت جنگلات سے درختوں کی کٹائی اور اسسٹنٹ کمشنرز کی روینیو معاملات پر ایجنڈا کے نقاط پر بریفنگ لی۔ اس موقع پر اجلاس کو خطاب کرتے ہوئے کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی نے کہا ہے کہ کسان کارڈ اسکیم کے علاوہ گندم اگاؤ سپورٹ پروگرام 2025ء حکومت سندھ کی جانب سے کسانوں کی معاشی بہتری، غذائی تحفظ اور گندم کی پیداوار میں اضافے کے لیے احسن اقدام ہے، کمشنر سکھر نے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ محکمہ زراعت سے کوآرڈینیشن میں رہتے ہوئے ویٹ گروئر سپورٹ پروگرام- 2025ء کے لیے رجسٹریشن کے عمل کو جلد نمٹا لیا جائے، اس موقع پر خیرپورمیرس، گھوٹکی اور سکھر کے ڈپٹی کمشنرز نے بتایا کہ اس پروگرام کے لیے لگ بھگ 90 فیصد تک رجسٹریشن کا عمل مکمل ہو چکا ہے، جبکہ باقی کام بھی 2 سے 4 روز تک مکمل کر لیا جائے گا۔ ڈائریکٹر زراعت سکھر نے گندم اگاؤ سپورٹ پروگرام-2025ء پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سندھ حکومت کے گندم کے کسانوں کے لیے سپورٹ پروگرام کے تحت 1 سے 25 ایکڑ زرعی اراضی رکھنے والے کسانوں/ آبادگاروں کو فی ایکڑ 1 بوری ڈی اے پی اور 2 بوری یوریا کھاد کی قیمت کیش دی جائے گی، انہوں نے بتایا کہ یہ سہولت فقط گندم کے آبادگاروں کے لیے مختص ہوگی اور پروگرام کی شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے زمین پر فصل کے تصدیقی عمل کے بعد گندم کے کسانوں کو رقم ٹرانسفر ہوگی۔ اکتوبر پولیو مہم جائزہ اجلاس میں اے سی WHO ڈاکٹر جمیل نے ڈویژن بھر میں رواں ماہ کی گئی پولیو ویکسینیشن مہم کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مہم کے دوران سکھر، گھوٹکی اور خیرپور تینوں اضلاع میں مائگرنٹ آبادی سمیت تمام کلسٹرز کی 100 فیصد کوریج حاصل ہوئی، ماسوائے کہیں کہیں کے اکہ دکہ انکاری کیسز کے۔ ڈاکٹر جمیل نے مزید بتایا کہ سکھر کی ڈرئینج ایریا ماکا پمپنگ اسٹیشن سے پولیو وائرس کے ماحولیاتی نمونوں کا مسلسل مثبت ملنا ایک تشویش کی بات ضرور ہے۔ اس موقع پر کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم نے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ مجموعی طور پر گزشتہ پولیو مہم کے نتائج تسلی بخش ملے ہیں جبکہ بہتری کی گنجائش اب بھی موجود ہے، کمشنر سکھر نے ہدایت کی کہ پولیو مہم میں جو ذمہ داران اور دیگر پولیو ورکرز لگاتار کوتاہیوں کے مرتکب ہو رہے ہوں، ان سے مزید کسی اصلاح کی گنجائش باقی نہیں رکھی جا سکتی، اس لیے اس طرح کے افراد کو پولیو مہم سے باہر نکال کر ان کی جگہ اہل اور جذبہء خدمت سے سرشار نوجوانوں کو موقع دیا جائے، جس سے یقیناً اچھے نتائج برآمد ہوں گے، جبکہ جزا و سزا پر مبنی کارروائی کرنا باقی ذمہ داران کے لیے ایک سبق بھی ثابت ہوگا، انہوں نے پولیو مہم کے دوران تمام اسسٹنٹ کمشنرز کے کردار بالخصوص اے سی نیو سکھر وسیم مہر کی کارکردگی کو سراہا، کیونکہ نیو سکھر کو پولیو کے حوالے سے ایک چیلنجنگ تحصیل قرار دیا جا رہا تھا۔ محکمہ جنگلات کمشنر سکھر نے محکمہ جنگلات کے افسران سے اظہارِ تشویش کرتے ہوئے کہا کہ درختوں کی کٹائی کے واقعات بدستور رونما ہو رہے ہیں، انہوں نے ہدایات کی کہ اس سلسلے میں پولس، رینجرز اور علاقہ معززین کا تعاون حاصل کیا جائے، انہوں نے مزید کہا کہ جدید سائنسی ترقی میں دنیا چاند پر پہنچ چکی ہے، لہٰذا آپ بھی گوگل میپنگ اور دیگر ٹیکنیکل پہلوؤں کے لیے آئی ٹی ایکسرٹس کی خدمات حاصل کر کے جنگلات کی نگرانی کے عمل کا کوئی مستقل حل نکال لیں، اس سلسلے میں کمشنر سکھر نے محکمہ جنگلات کے افسران کو سکھر آئی بی اے اور اروڑ یونیورسٹیوں کے شعبہ آئی ٹی کے ماہرین سے رابطے میں آنے کی ہدایت کر دی۔ *ریونیو معاملات*: سکھر، خیرپورمیرس اور گھوٹکی کے ڈپٹی کمشنرز کی سربراہی اور موجودگی میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے کمشنر سکھر ڈویژن کو اپنی تحصیلوں میں سندھ لینڈ ریونیو ائکٹ 1967ء کے تحت لینڈ ریونیو کیسز، لینڈ ایکیوزیشن اور اوارڈ پاس کرنے، جولائی 2025ء سے آبیانہ کی وصولی اور سیل سرٹیفکیٹ کے اجراء اور اس کے ریونیو ریکارڈ میں داخلے، فوتی کھاتہ، تجاوزات، پیدائش سرٹیفکیٹ، پولیو مہم، عوامی شکایات، سماجی خدمات، تعلیم و کھیل کی سرگرمیوں کے فروغ، شجر کاری، پبلک پارکس، اور دیگر امور کے متعلق تفصیلی طور پر بریفنگ دی۔ کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی نے اسسٹنٹ کمشنرز کے کاموں کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے انہیں ہدایت کی ہے کہ ہفتہ وار ایک دن سماجی کاموں کے لیے وقف کر دیں، مختلف کمیونٹی سیشنز کی منعقدگی،بالخصوص سندھ میں کراچی اور حیدرآباد کی حالیہ ڈینگی کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ صحت کے ذمہ داران سے مل کر اسکولز و دیگر تعلیمی اداروں میں طلباء و طالبات میں ڈینگی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر برتنے کے سلسلے میں آگہی سیشنز منعقد کرنے، شہروں کے نمایاں مقامات پر ڈینگی کے خلاف عوامی آگہی پمفلٹس آویزاں کرنے سمیت سرکاری اسپتالوں اور دیگر صحت مراکز میں پیشگی طور پر ڈینگی وارڈ کے قیام اور ادویات کی دستیابی کو یقینی بنائیں، جبکہ اسپتالوں اور بس اسٹینڈز سمیت عوامی مقامات پر نظام صفائی پر بھی توجہ دی جائے، انہوں نے اے سیز کو ہدایت کی کہ سر زمین پر جا کر دورے کریں اور خود سے جائزہ لیں، زیادہ دیر تک معاملات کو التواء میں رکھا نہ جائے اور حتی الامکان کوشش کر کے شکایات کو جلد سے جلد نمٹا لیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں