29

ایس ایس پی سکھر اظہر خان مغل فرض شناسی، عوامی خدمت اور جرائم کے خلاف عملی جدوجہد کی روشن مثال

ایس ایس پی سکھر اظہر خان مغل فرض شناسی، عوامی خدمت اور جرائم کے خلاف عملی جدوجہد کی روشن مثال

سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)ضلع سکھر کے موجودہ ایس ایس پی اظہر خان مغل دیگر افسران کے مقابلے میں عوام میں اپنی مقبولیت، خلوص اور خدمت کے جذبے کے باعث نمایاں نظر آتے ہیں۔ وہ نہ صرف ایک فرض شناس پولیس افسر ہیں بلکہ عوامی مسائل اور انصاف کی فراہمی کے حوالے سے ان کا طرزِ عمل انہیں شہریوں کے دلوں میں ایک خاص مقام دلا چکا ہے۔باوجود اس کے کہ انہیں ایک مضبوط اور ہم خیال ٹیم میسر نہ آ سکی، ایس ایس پی اظہر خان نے اپنی محنت، دیانت داری اور عوامی رابطے کے ذریعے وہ اعتماد حاصل کیا ہے جو بہت کم افسران کو نصیب ہوتا ہے۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے اپنے دورِ تعیناتی کے دوران متعدد ایسے اقدامات کیے جن سے نہ صرف پولیس کی کارکردگی میں بہتری آئی بلکہ عوام کو براہِ راست ریلیف بھی حاصل ہوا۔اظہر خان مغل کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ وہ کسی بھی واردات یا واقعے کی اطلاع ملتے ہی خود موقع پر پہنچتے ہیں اور چھوٹے سے چھوٹے کیس میں بھی ذاتی دلچسپی لیتے ہیں۔ انصاف کی بروقت فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے۔منشیات کے خاتمے کے لیے ان کی جانب سے شروع کی گئی مہم کو شہری حلقوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی ہے۔ انہوں نے نشہ آور اشیاء کے دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں کیں، جنہیں اب تک کا سب سے منظم آپریشن قرار دیا جا رہا ہے۔اسی طرح ویاج خوروں کے خلاف شکنجہ سخت کرتے ہوئے انہوں نے کئی متاثرہ شہریوں کو مالی اور قانونی تحفظ فراہم کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے پولیس فورس کے اندر بھی احتسابی عمل کو فروغ دیا اور ناقص کارکردگی یا بدعنوانی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت اقدامات کیے۔پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایس پی اظہر خان مغل کا طرزِ قیادت مثالی سمجھا جا رہا ہے۔ وہ افسران و جوانوں کو حوصلہ دینے کے ساتھ ساتھ عوامی رابطوں کو بھی ترجیح دیتے ہیں۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ “اظہر خان مغل جیسے ایماندار اور بہادر افسر ہی سکھر میں امن و امان کی فضا کو مستحکم کر سکتے ہیں۔شہریوں نے امید ظاہر کی ہے کہ ایس ایس پی سکھر اظہر خان مغل اپنی دیانت دارانہ کاوشوں اور عملی اقدامات کے ذریعے ضلع بھر میں امن و امان کے نظام کو مزید بہتر بنائیں گے، تاکہ سکھر ایک بار پھر پرسکون اور محفوظ شہر بن سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں