سکھر (بیورورپورٹ۔ بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی)دیوالی کے خوشی و روشنیوں کے تہوار کے موقع پر حکومتِ سندھ اور سکھر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے گائے شالہ ہال سکھر میں ایک خصوصی
سکھر (بیورورپورٹ۔ بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی)دیوالی کے خوشی و روشنیوں کے تہوار کے موقع پر حکومتِ سندھ اور سکھر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے گائے شالہ ہال سکھر میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جس میں اقلیتی برادری کے مستحق خاندانوں میں راشن اور مالی امداد کے چیکس تقسیم کیے گئے۔تقریب کی میزبانی مکھی ایشور لال (ڈویژن صدر پیپلز پارٹی منارٹی وِنگ) نے کی، جبکہ تقریب کے مہمانانِ خصوصی میں پاکستان پیپلز پارٹی سٹی سکھر کے صدر و ڈپٹی میئر سکھر ڈاکٹر ارشد مغل اور پیپلز پارٹی سٹی سکھر کے انفارمیشن سیکریٹری غضنفر انصاری شامل تھے۔اس موقع پر پی ایس ایف سکھر سٹی کے صدر عامر نوناری، یوتھ ممبر ایس ایم سی آصف نقوی، ٹاؤن ممبر خان چند، شاہبیگ شیخ، غلام اللہ جمالي، بلال مغل سمیت اقلیتی برادری کی پنچایت کے معززین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کے دوران ڈاکٹر ارشد مغل اور غضنفر انصاری نے اقلیتی برادری کے مستحق افراد میں راشن بیگز اور مالی امداد کے چیکس تقسیم کیے۔اپنے خطاب میں ڈاکٹر ارشد مغل نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ہر مذہب، ہر طبقے اور ہر برادری کے حقوق کی ضمانت ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ہمیشہ اقلیتوں کے احترام، مساوات اور یکجہتی کا پیغام دیا۔ آج بلاول بھٹو زرداری انہی رہنماؤں کے مشن کو آگے بڑھا رہے ہیں، جہاں خوشی کا کوئی موقع ہو، وہاں اقلیتی برادری کو بھی برابر کا حصہ دار بنایا جائے۔ دیوالی روشنیوں اور امیدوں کا تہوار ہے، اور پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ یہ روشنی ہر گھر تک پہنچے۔انفارمیشن سیکریٹری غضنفر انصاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد محبت، رواداری اور انسانی خدمت پر رکھی گئی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت ہے کہ ہم مذہب و ذات کے امتیاز کے بغیر ہر شہری کے ساتھ کھڑے رہیں۔ آج کی یہ تقریب اس بات کا ثبوت ہے کہ سکھر میں پیپلز پارٹی ہر طبقے اور برادری کے دکھ سکھ میں شریک ہے۔ ہم اقلیتی برادری کو اپنے بھائیوں کی طرح سمجھتے ہیں اور ان کے ہر تہوار کو اپنی خوشیوں کا حصہ سمجھتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر اقلیتی برادری کے نمائندوں نے حکومتِ سندھ، سکھر میونسپل کارپوریشن، میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ اور ڈپٹی میئر ڈاکٹر ارشد مغل کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے دیوالی کے موقع پر محبت، ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضا کو فروغ دیا اور اقلیتوں کے ساتھ یکجہتی کا عملی مظاہرہ کیا۔