November 17, 2026

بھارت کی جانب سے آنے والی ہواؤں اور درجہ حرارت میں کمی کے باعث لاہور سمیت پنجاب کے

Screenshot_2025-10-16_130408

بھارت کی جانب سے آنے والی ہواؤں اور درجہ
حرارت میں کمی کے باعث لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہر شدید فضائی آلودگی کی لپیٹ میں آگئے۔
ادارہ تحفظِ ماحولیات پنجاب (ای پی اے) اور جدید اسموگ مانیٹرنگ سسٹم کے مطابق لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 211 ریکارڈ کیا گیا، جو انسانی صحت کے لیے ’’انتہائی غیر صحت مند‘‘ قرار دیا گیا ہے۔

بین الاقوامی فضائی معیار کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ آئی کیو ایئر (IQAir) کے مطابق لاہور آج دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر ہے۔ بھارتی شہر کولکتہ دوسرے جبکہ دہلی تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

ای پی اے کے مطابق بھارت سے داخل ہونے والی آلودہ ہواؤں نے فضا میں معلق ذرات (Particulate Matter) کی مقدار میں خطرناک حد تک اضافہ کر دیا ہے۔ اس وقت ہوا کی رفتار ایک سے تین کلومیٹر فی گھنٹہ ہے جس کی وجہ سے آلودہ ذرات زمین کے قریب جمع ہو رہے ہیں۔

پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی فضا کا معیار تشویشناک ہے۔ رات 12 بجے سے صبح 7 بجے تک:

گجرات میں AQI 228

گوجرانوالہ 226

لاہور 211

قصور 182

نارووال 177

فیصل آباد 161

منڈی بہاؤالدین 159

سیالکوٹ 157
ریکارڈ کیا گیا۔

پنجاب بھر کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس 160 رہا، جو عالمی ادارۂ صحت (WHO) کے مقررہ معیار سے کہیں زیادہ ہے۔

اسموگ مانیٹرنگ سینٹر کے مطابق صبح کے اوقات میں آلودگی کی شدت سب سے زیادہ رہی، دوپہر میں معمولی بہتری جبکہ شام اور رات کے دوران دوبارہ اضافہ متوقع ہے۔

ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، گھروں کی کھڑکیاں بند رکھیں، اور بچوں، بزرگوں اور سانس یا دل کے امراض میں مبتلا افراد کو خصوصی احتیاط برتنے کی تلقین کی گئی ہے۔۔