سرگودھا(راجہ نورالہی عاطف سے )سرگودھا سی ای او ایجوکیشن محترمہ کلثوم منشاء نے کہا ہے کہ سحر خیزی کامیاب زندگی کے لیے ضروری ہے
سرگودھا(راجہ نورالہی عاطف سے )سرگودھا سی ای او ایجوکیشن محترمہ کلثوم منشاء نے کہا ہے کہ سحر خیزی کامیاب زندگی کے لیے ضروری ہے ۔جو والدین اور اساتذہ کرام صبح اٹھنے کی کوشش کرتے ہیں وہ زندگی میں پیچھے نہیں رہتے ۔قوموں کی زندگی میں استاد کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ نسل نو کو مستقبل کا امین بنانے کے لیے مسلسل جدوجہد کی ضرورت ہے ۔اِن خیالات کا اظہار انھوں نے ریڈیو پاکستان کے پروگرام دانش کدہ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔قبل ازیں ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم، علامہ عباس الٰہی ظہیر ،محترمہ شہناز اختر رانجھا، نجمہ منصور، اکرام اللہ سلیمی ،محترمہ منیبہ صفدر ملک، محترمہ شازیہ نسرین ،چودھری سرور صدیق ،بلال احمد، مزمل صدیق، نور زینب، عائشہ وسیم ،عائشہ نور، اصبہ نواز، محمد علی اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔ میڈم کلثوم منشا نے مزید کہا کہ سرگودھا ڈویژن کے تعلیمی اداروں میں استاد کی توقیر کے حوالے سے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں ۔ ہمیں بچوں کو سچا کھرا مسلمان بنانے کے لیے اپنے ذاتی کردارکا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ علامہ عباس الٰہی ظہیر نے کہا کہ اسلام اساتذہ کرام کی عزت کا حکم دیتا ہے۔ فخر کائنات محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم نے تعلیم اور تعلم کے حوالے سے عملی مظاہرہ کیا ۔آپﷺ کی زندگی کا ہر گوشہ ہمارے لیے تقلید کا باعث ہے۔ عصر حاضر میں اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہم پاکستان کو ایک خوشحال اور فعال ملک بنا سکتے ہیں۔ محترمہ شہناز اختر رانجھا نے کہا کہ ہمارے تعلیمی ادارے نہ مساعد حالات کے باوجود اچھے نتائج دے رہے ہیں ۔مضافاتی تعلیمی اداروں کے اساتذہ کرام انتھک محنت کرتے ہیں۔ محترمہ نجمہ منصور نے ایک خوبصورت نظم کے ذریعے سلام ٹیچر ڈے کا خلاصہ پیش کیا ۔میڈم منیبہ صفدر ملک نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں تعلیمی ترقی اساتذہ کرام کی محنت کا ثمر ہے۔ بچوں کو نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں کا خوگر ہونا چاہیے۔ چودھری سرور صدیق نے کہا کہ پرائیویٹ تعلیمی ادارے پاکستان کی تعلیمی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ حکومت کا تعلیمی بوجھ ان اداروں کی وجہ سے کم ہو رہا ہے ۔اکرام اللہ سلیمی نے کہا استاد کا ذاتی کردار شاگردوں کی زندگی پر جلد اثر انداز ہوتا ہے۔ اس لیے ایک اچھا استاد باکردار بھی ہوتا ہے۔ میڈم شازیہ نسرین نے کہا کہ استاد کا احترام کسی بھی قوم کے لیے باعث فخر ہوتا ہے۔ والدین اور اساتذہ مل کر بچے کی زندگی کو کندن بنا سکتے ہیں۔ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے کہا کہ استاد کا ایک مثبت ذاتی عمل اس کے لا تعداد لیکچرز پر حاوی ہوتا ہے۔ طلبا و طالبات نے استاد کی عظمت کے حوالے سے سوال و جواب کا خوبصورت مظاہرہ کیا۔ یہ پروگرام محترمہ فریحہ کنول نے پیش کیا وقار حیدر پروگرام انجینیئرتھے۔