November 17, 2026

قافلہ صمود ریڈ زون میں داخل

Screenshot_2025-09-30_114241

قافلہ صمود ریڈ زون میں داخل

بحرِ روم میں غزہ کی جانب بڑھتے ہوئے عالمی ’’قافلہِ صمود‘‘ ریڈ زون میں داخل ہو چکا ہے۔ دجالی جہاز بھی قریب پہنچ چکے۔ اپنا پیارا سبز ہلالی پرچم سب سے آگے جلوے بکھیر رہا۔ شرکاء لائف جیکٹس پہن کر ہر قسم کے حالات کے لیے تیار۔ الجزیرہ کے نمائندے کے مطابق ایک اسرائیلی جنگی جہاز صرف 5 فٹ کے فاصلے تک آ کر قافلے کی مرکزی کشتی ’’الما‘‘ کے متوازی کھڑا ہو گیا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ قافلے کے شرکاء مکمل چوکسی کی حالت میں ہیں اور انہوں نے زبردستی سوار ہونے یا اچانک حملے کی صورت میں تمام عملی مشقیں اور حفاظتی تدابیر پہلے ہی اختیار کر رکھی ہیں۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق قافلہ غزہ کی پٹی سے تقریباً 270 کلومیٹر (150 ناٹیکل میل) دور ہے، جو اسرائیل کی جانب سے اعلان کردہ ریڈ زون کی دہلیز سمجھی جاتی ہے۔ فضا میں ترک ڈرون مسلسل نگرانی کر رہے ہیں جبکہ قافلے کے آگے ہسپانوی اور اطالوی جنگی جہاز بھی موجود ہیں جو بین الاقوامی پانیوں میں حفاظتی کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ جہاز غزہ سے 50 کلومیٹر کے فاصلے تک ساتھ رہیں گے۔ تاہم اطالوی بحریہ نے واضح کر دیا ہے کہ وہ اس حد سے آگے مداخلت نہیں کرے گی تاکہ براہِ راست فوجی تصادم سے بچا جا سکے۔
قافلے کے منتظمین کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات متعدد ڈرونز نے قافلے کے اوپر پرواز کی، بعض پر مشکوک مواد یا دھماکوں کی آوازیں بھی ریکارڈ کی گئیں، جس کے نتیجے میں کشتیوں کا مواصلاتی نظام متاثر ہوا۔ ان واقعات کے بعد قافلے کی قیادت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اسرائیلی فوج کسی بھی وقت کارروائی کر سکتی ہے۔
بین الاقوامی مبصرین کے مطابق اس پیش رفت نے خطے میں ایک نئے تصادم کا خطرہ بڑھا دیا ہے، کیونکہ اسرائیلی بحریہ پہلے ہی واضح کر چکی ہے کہ وہ کسی بھی قیمت پر قافلے کو غزہ پہنچنے کی اجازت نہیں دے گی۔ دوسری جانب انسانی حقوق کی تنظیمیں اس اقدام کو بین الاقوامی قوانین اور شہری امدادی مشنز کی صریح خلاف ورزی قرار دے رہی ہیں۔
بہرحال اگلے چند گھنٹے نہایت اہم ہیں