نیلگوں روشنیوں کا شہر
نیلگوں روشنیوں کا شہر
یہ قلعہ روہتاس ہے اُس کا مغربی دروازہ سہیل گیٹ ہے جوعالیشان طرزتعمیر کا نمونہ ہے۔ جو سورج کی سنہری کرنوں کی روشنی میں جگمگا سے اُٹھا تھا۔ ایک سانپ کی طرح بل کھاتی ہوئی تارکول کی سڑک پہاڑی جنگل میں گم ہو رہی تھی ۔ جس کے کنارے لکڑی کا بورڈ بتا رہا تھا کہ ٹلہ جوگیاں یہاں سے بیس کلومیٹر دور ہے جس کے ساتھ کئی رومانوی،مذہبی،معاشرتی،قصے، کہانیاں،افسانےاورداستانیں جڑی ہوئی ہیں ٹلہ جوگیاں تاریخی مقام ہے ۔ ایک سڑک پہاڑی علاقے میں گھومتی ہوئی لگ بھگ پندرہ کلومیٹر دور مغرب کی جانب خوبصورت گاوۤں اگہتر جارہی تھی جہاں سے میں ابھی ابھی قلعہ روہتاس پہنچا تھا۔ ہندی زبان میں روہ ، پہاڑ کو کہا جاتا ہے اور تاس کے معنی ہموار جگہ کے لئے جاتے ہیں چونکہ یہ پہاڑی علاقہ تھا اور پہاڑی پر یہ جگہ ہموار تھی ۔اس بناء پر خوبصورت پہاڑی پر ہموارجگہ پر اِس قلعہ کو،،روہتاس،،کا نام دیا گیا ۔ قلعہ روہتاس کے تین اطراف ایک برساتی نالہ بہتا ہے جو دریائے جہلم میں جا گرتا ہے۔ ایک پہاڑی پر واقع ہونے کی بناء پر دفاعی لحاظ سے یہ محفوظ جگہ ہے ۔ جہلم شہر یہاں سے قریب پچیس سے تیس کلومیٹرجنوب مشرق میں دریائے جہلم کے کنارے پر آباد ہے ۔ یہ قلعہ شیر شاہ سوری کے حکم پر اس کے وزیر ٹوڈر مل نے سات سال کے عرصہ میں تعمیر کروایا تھا۔ یہ قلعہ 1548ء میں مکمل ہوا تھا۔ یہ ایک سو پچھتر ایکٹر رقبہ پر محیط ہے ۔ اس کے بارہ دروازے ہیں روہتاس نامی گاوۤں اس قلعہ کے اندر آباد ہے۔روہتاس ایک عالیشان قلعہ ہے جو چار سو سال کا عرصہ گزر جانے کے باوجود شان و شوکت سے کھڑا ہے۔ یہ عظیم قلعہ پنجاب کے حکمران راجہ رنجیت سنگھ کی جرات اور وقار کا گواہ ہے جس نے ہمیشہ کے لئے چور، ڈاکووۤں اور لیٹروں کا راستہ روک دیا تھا۔ جب بابر نے ہندوستان پرحملہ کیا تو شیر شاہ سوری بنگال کا گورنر تھا۔ جس نے بابر کی وفات کے بعد 1539ء میں ہمایوں کو مار بھگایا اور ہندوستان پر قابض ہوگیا ۔ شیر شاہ سوری نے کابل سے لیکر کلکتہ تک اور بعض روایات میں ہے کہ کابل سے لیکر چٹاگانگ موجودہ بنگلہ دیش تک جی ٹی روڈ (گریٹ ٹرنک روڈ) بنوایا تھا ۔ روہتاس قلعہ کے مشرق میں جی ٹی روڈ پردینہ شہرآباد ہے ۔ یہ صدیوں پرانا شہر ہے لیکن اٹھارویں صدی کے شروع میں عظیم صوفی بزرگ بابا دینہ سایں نے نئے سرے سے آباد کیا جس کا دربار وہاں موجود ہے ۔ دینہ شہرکے مشرق میں دریائے جہلم پرمنگلہ ڈیم واقع ہے، مغرب میں قلعہ روہتاس،شمال میں راولپنڈی،جنوب میں جہلم شہر ہے ۔ انڈین فلم انڈسٹری کے فلم پرڈیوسر،شاعر،افسانہ نگار، کہانی کار، سمپورن سنگھ کالرا ،، گلزار ،، دینہ کے رہنے والے تھے ۔ جو تقسیم کے وقت انڈیا چلے گئے تھے۔ یہاں شام ہوگی تھی مجھے آٹھ بجے سے پہلے پہلے گگن شاہد کے بک کارنرجہلم پہنچنا تھا ۔ جب میں بک کارنر جہلم پہنچا تو گگن شاہد اورامرشاہد بڑی محبت سے ملے۔ انہوں نے گھر کے بیسمنٹ میں خوبصورت بک شاپ بنائی ہوئی ہے ساتھ میں پبلیکیشن ہاوۤس بنا رکھا ہے ۔ جو دنیا جہاں کی اعلی معیاری کتابیں چھاپتے ہیں۔ انہوں نے ابو الکلام آزاد کی پسند کی سی نفیس اعلی ذائقے کی چائے پلائی ساتھ ساتھ جہلم کی تاریخ بتانے لگے کہ یہ شہر کئی بار اجڑا اور اجڑ کر بسا ہے۔ جب سکندر یونانی ہند پر حملہ آور ہوا تو جہلم کے مقام پرراجہ پورس نے اس کا مقابلہ کیا تھا اور سکندر یونانی کو دیوتائی کے سنگھا سن سے اُتار کر انسان بنا دیا تھا۔ سابق بھارتی وزیراعظم اندر کمار گجرال جہلم کے رہنے والے تھے ۔ فلم سٹار سنجے دت کے والد اداکارہ نرگس کے شوہر اداکار سنیل دت اسی شہر سے تھے ۔ ،، مندراں ،، شعری مجموعہ والے، پنجابی زبان کے عظیم شاعر اللہ دتہ جوگی جہلمی بھی اسی شہر کے تھے ۔ وہ بتاتے کہ گلزار جب بھی آتے تو ان کے پاس جہلم ، بک کارنر پر قیام کرتے ہیں ۔ وہ جہلم دینہ آبائی گھر، گاوں کو بہت یاد کرتے ہیں ۔ گگن شاہد بک کارنر اور پبلیکیشن ہاوس چلانے کے ساتھ ساتھ دوستی کا انسائیکلوپیڈیا بھی ہیں ۔ کسی بڑے شہر سے دور چھوٹے شہر میں علم وادب کا سودا کرنا جنگل میں منگل کرنے کے مترادف ہے ۔ وہ اندھیرے میں روشنی کا چراغ جلائے ہوئے ہیں۔ مجھ ناچیزکو بک شاپ کا وزٹ کروایا۔ میں نے پسندیدہ مصنف کی چند کتابیں اُٹھائیں وہ چھوڑنے دروازے تک آئے ۔ یہ ایک خوبصورت شہر ہے جو جدید اور قدیم تہذیبوں کے سنگم پر آباد ہے ۔ یہ پانیوں اور روشنیوں کا شہر ہے جو کشمیر جنت نظیر کی کئی خوبصورت وادیوں کے پانیوں سے مل کر نیلم اور جہلم کے ملاپ میں جل سے نکلا جہلم ہے ۔ یہ بڑا مردم خیز خطہ ہے تقسیم سے قبل برٹش انڈیا کی فوج میں اور بعد میں پاکستانی فوج میں کثیر تعداد اس خطہ سے ہے ۔ یہ بین الاقوامی شاہراہ پر ہونے کی بنا پر قدیم اور جدید کا حسین امتزاج ہے ۔ اس کی چار تحصیلیں جہلم، دینہ، سوہاوہ،اور پنڈ دانخان ہیں۔ دنیا کی دوسری بڑی نمک کی کان کھیوڑہ اس ضلع میں واقع ہے۔ پاکستان کادوسرا اور دنیا کا بارہواں بڑا منگلہ ڈیم دریائے جہلم پر واقع ہے۔ اِس کے علاوہ کئی تاریخی مقامات، کھیوڑہ کی کان ، ٹلہ جوگیاں، قلعہ روہتاس، ڈومیلی کا پارک، قدرتی جنگل،منگلہ ڈیم، دربار بابا دینا سائیں، ٹنڈل رام پرساد کا قبرستان اس ضلع میں واقع ہیں۔ پنجابی شاعری میں انمٹ نقوش چھوڑنے والے شاعر اللہ دتہ جوگی، اور تنویر سپرا ، یہاں سے ہیں۔ مذہب و تصوف کے اسکالر موٹیویشنل سپیکر بابا عرفاں الحق یہاں سے ہیں۔ مجھ ناچیز کوگگن شاہد اورامرشاہد عزیز ہیں جو میرے ہم نام ہیں اور جن کی وجہ سے جہلم اپنا اپنا لگتا ہے۔ میں سوچ رہا تھا کہ میں نے ایک بار جی ٹی روڈ پر ترکی ٹال پلازہ کی پہاڑی سے اترتے وقت دور زمین کی بلندیوں پر انڈے کی ماند سفید براق قلعہ مادر گیتی کی چھاتیوں پر تاباں فروزاں کھڑا دیکھا تھا آج دیکھ کر آیا ہوں وہ منور و درخشاں ہے قلعہ روہتاس ہے یہ پنجاب ہے ۔
شاہد محمود سیالکوٹ
01/10/2025