سکھر ڈی ایس ریلوے کی پریس کانفرنس، عوامی مسائل کے حل اور ریلوے نظام کی بہتری کا عزم
سکھر ڈی ایس ریلوے کی پریس کانفرنس، عوامی مسائل کے حل اور ریلوے نظام کی بہتری کا عزم
سکھر (بیورورپورٹ۔سید نصیر حسین شیدی) ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے سکھر، جمشید عالم نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ریلوے انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا عوام اور ریلوے انتظامیہ کے درمیان ایک مؤثر پل کا کردار ادا کر رہا ہے، اسی وجہ سے عوامی شکایات سننے اور ان کے فوری حل کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ڈی ایس آفس سکھر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جمشید عالم نے کہا کہ ریلوے میں قائم شکایت ڈیسک کے قیام کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور مسافروں کی بڑی تعداد کے مسائل حل کیے جا چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نظام کو مزید شفاف اور بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں تاکہ مسافروں کو معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے واضح کیا کہ ریلوے اراضی پر قبضے اور تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔ سکھر ڈویژن میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے اور آئندہ کسی نئی انکروچمنٹ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔جمشید عالم نے مزید بتایا کہ روہڑی ریلوے اسٹیشن کی اپ گریڈیشن کے بڑے منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے، جس کے بعد اسے ایک مثالی اسٹیشن میں تبدیل کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے تحت معذور افراد کے لیے خصوصی ایکسیلیریٹر یونٹس نصب کیے جائیں گے جبکہ مسافروں کو فلٹر شدہ پانی کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی۔ڈی ایس ریلوے نے کہا کہ ٹرینوں کے اوقات کار میں بہتری لائی گئی ہے۔ سکھر ایکسپریس اور موہن جو دڑو ٹرین کے ٹائم ٹیبل کو مزید بہتر بنایا گیا ہے جبکہ سکھر ایکسپریس کی پرانی بوگیوں کو بھی جلد تبدیل کرنے کی کوششیں جاری ہیں تاکہ مسافروں کو آرام دہ اور جدید سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ریلوے کے ڈھانچے اور سروس کو جدید خطوط پر استوار کرنا وقت کی ضرورت ہے اور اس مقصد کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔