November 17, 2026

تھل کے اضلاع کی تاریخی اہمیت خصوصی تحریر: راجہ نورالہیٰ عاطف

IMG-20250925-WA0267

تھل کے اضلاع کی تاریخی اہمیت

خصوصی تحریر: راجہ نورالہیٰ عاطف

تھل کی ریت، تھل کی ہوا اور تھل کے باسی — سبھی اپنی الگ پہچان رکھتے ہیں۔ پنجاب کے وسط میں پھیلا ہوا یہ خطہ خوشاب، بھکر، میانوالی، لیہ، جھنگ اور مظفرگڑھ کے اضلاع پر مشتمل ہے۔ بظاہر ریگستانی مگر حقیقت میں تہذیب و تمدن کا ایک روشن چراغ، جو صدیوں سے تاریخ کا امین رہا ہے۔ راقم الحروف (راجہ نورالہی عاطف )کو وڑھی پناہ خیل رنگپور بگھور سے تعلق رکھنے والے علاقہ تھل کے بزرگ تاریخ دان ملک کریم بگھور نے بتایا تھا کہ تھل کی صدیوں پرانی تاریخ ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایک روایت کے مطابق محمد بن قاسم کی فوج بھی کسی دور میں تھل کے گاوں رنگپور بگھور میں پڑاو ڈالتی رہی پھر مختلف علاقوں کا رخ کرتی ۔ اسی طرح وسیع وعریض صحراءے تھل کے مرکزی علاقہ نورپورتھل کی تاریخی اہمیت کے حوالے سے جمالی بلوچاں کے معروف بزرگ تاریخ دان و ماہر تعلیم راجہ حاجی احمد حیات نے ایک مرتبہ ایک خصوصی نشست کے دوران بتایا تھا کہ یوں تو تھل کے اضلاع خوشاب ، بھکر ، لیہ میانوالی ، مظفر گڑھ اور جھنگ کی تاریخ و ثقافت مختلف حوالوں سے انفرادیت کی حامل ہے لیکن تھل کے مرکزی قصبہ نورپورتھل کو صحراءے تھل میں تاریخی ، ثقافتی اور جغرافیائ لحاظ سے خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کسی دور میں ڈیرہ اسماعیل خان، میانوالی، بھکر ،لیہ، مظفرگڑھ اور دیگر علاقوں کے تجارتی قافلے نورپورتھل کے گاؤں جوڑا کلاں کے قریب سے دریائے جہلم کو اونٹوں کے ذریعےعبور کرتے تھے اور دلی /دہلی تک یہ تجارتی روٹ تصور کیا جاتا تھا ۔ اس لحاظ سے نورپورتھل کے علاقہ کو تاریخ میں ممتاز مقام حاصل ہے ۔
کہا جاتا ہے کہ تھل کے قافلے وادیٔ سندھ کی تہذیب کو گندھارا کلچر سے ملاتے تھے۔ کبھی یہ خطہ تاجروں کی گزرگاہ رہا، تو کبھی فاتحین کی سرزمین۔ سکندر اعظم کی فوجیں جب جہلم اور سندھ کے کناروں سے گزریں تو تھل کی ریت بھی ان کے قدموں کی گواہ بنی۔ بعد ازاں مسلم سلاطین اور مغلوں نے اسے اپنی سلطنت کا اہم حصہ بنایا۔
علاقہ تھل روحانیت کا بھی مرکز ہے۔
اسلام کی آمد کے بعد یہ خطہ اولیاےء اللہ کی سرزمین قرار پایا۔ جھنگ کے شاہ جیونہؒ، خوشاب کے خوشاب شاہؒ، میانوالی کے سلطان ساونؒ، نورپورتھل کے بابا سیدن شاہ اور بھکر و لیہ کے کئی مزارات آج بھی روحانیت کے چراغ روشن کیے ہوئے ہیں۔ یہ مزارات اہلِ دل کے لیے سکون اور وابستگی کا سرچشمہ ہیں۔
اسی طرح اگر بات کی جاءے
ثقافت اور تھل میلہ کی تو
تھل کے میلوں کا ذکر کیے بغیر اس کی ثقافت ادھوری ہے۔ تھل میلہ لیہ اور نورپورتھل کا سالانہ حضرت بابا سخی سیدن شاہ بخاری صدیوں پرانی روایات کی جھلک پیش کرتے ہیں۔ گھڑ دوڑ، اونٹ دوڑ، نیزہ بازی اور لوک گیت — یہ سب مل کر ایک ایسا منظر تخلیق کرتے ہیں جو دیکھنے والوں کو ماضی کے دریچوں تک لے جاتا ہے۔ مشہور لوک کہانیاں جیسے ہیر رانجھا، بھی اسی خطے کے جذبات اور زمین کی عکاس ہیں۔ تھل کا شاعرانہ رنگ بھی بہت معروف ہے۔
تھل کی فضاؤں اور اس کے لوگوں کی محبت کو الفاظ میں یوں سمیٹا جا سکتا ہے:

ریگِ تھل کی ہر ذرا میں، ہے کہانی وقت کی
ریت پر لکھے گئے ہیں، نقش سب ایام کی

پھول کم، کانٹے زیادہ، پھر بھی دل کش ہے زمیں
صبر کی تصویر ہے یہ، ریگزارِ زندگی

یہ دھرتی ہے فاتحوں کی، یہ دھرتی ہے عاشقوں کی
یہی ہے مرکزِ صوفی، یہیں پہ منزلِ عشاق کی
قارئین محترم ! جدید دور میں اگرچہ تھل کو پانی، تعلیم اور بنیادی سہولیات کے مسائل درپیش ہیں، لیکن اس کا تاریخی و ثقافتی ورثہ اسے آج بھی نمایاں کرتا ہے۔ اگر زرعی اصلاحات اور ترقیاتی منصوبوں پر بھرپور توجہ دی جائے تو یہ خطہ پاکستان کی معیشت کے لیے سنگِ میل بن سکتا ہے۔
تھل محض ایک صحرا نہیں، یہ تہذیبوں کا نگہبان اور محبتوں کا استعارہ ہے۔