November 17, 2026

وزیراعلیٰ سندھ کا روہڑی-سکھر میں اونٹ کی ٹانگ کاٹنے کے واقعے کا سخت نوٹس

IMG-20250920-WA0279

وزیراعلیٰ سندھ کا روہڑی-سکھر میں اونٹ کی ٹانگ کاٹنے کے واقعے کا سخت نوٹس

سکھر (بیورورپورٹ۔۔بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے روہڑی سکھر کے علاقے میں بے زبان جانور پر ظلم کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی جاندار کے ساتھ اس طرح کا غیر انسانی سلوک کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی وزیراعلیٰ سندھ نے چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ کو ہدایت دی کہ متاثرہ اونٹ کے فوری علاج کا بندوبست کیا جائے اور جانور کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر نے وزیراعلیٰ کی ہدایت پر فوری طور پر اونٹ کے مالک سے رابطہ کیا اور علاج کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے مختیارکار کو جانوروں کے ڈاکٹر کے ہمراہ جائے وقوعہ پر بھیج دیا تاکہ اونٹ کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واضح کیا کہ بے زبان جانوروں پر ظلم و تشدد ایک سنگین جرم ہے اور اس طرح کے واقعات میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ متاثرہ جانور کے علاج اور صحت یابی کی مکمل رپورٹ انہیں پیش کی جائے۔