November 17, 2026

توشہ خانہ ٹو کیس کے دو اہم گواہوں کے بیانات کے نکات سامنے آگئے ہیں۔ گواہوں میں بانی پی ٹی آئی کے سابق پرسنل سیکرٹری انعام اللہ شاہ اور پرائیویٹ

FB_IMG_1758366870979

توشہ خانہ ٹو کیس کے دو اہم گواہوں کے بیانات کے نکات سامنے آگئے ہیں۔ گواہوں میں بانی پی ٹی آئی کے سابق پرسنل سیکرٹری انعام اللہ شاہ اور پرائیویٹ اپریزر صہیب عباسی شامل ہیں۔ دونوں گواہان بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف عدالت کے روبرو اپنے بیانات ریکارڈ کرا چکے ہیں۔

پرائیویٹ اپریزر صہیب عباسی نے اعتراف کیا کہ انہوں نے بلغاری جیولری سیٹ کی قیمت کم لگائی۔ انہوں نے بتایا کہ انعام اللہ شاہ نے ان پر دباؤ ڈال کر جیولری سیٹ کی قدر کم کرنے کا کہا۔ صہیب عباسی نے اپنے بیان میں کہا کہ انعام اللہ شاہ نے دھمکی دی تھی کہ اگر قیمت کم نہ کی تو انہیں سرکاری محکموں سے بلیک لسٹ کر دیا جائے گا۔

صہیب عباسی کے مطابق انہوں نے چیئرمین نیب کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کروایا اور ریکارڈ پر دستخط بھی کیے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مجسٹریٹ کے سامنے بھی یہی بیان دیا کہ خوف کے باعث جیولری سیٹ کی قدر کم کر کے رپورٹ دی گئی۔ صہیب عباسی نے کہا کہ انہیں 23 مئی 2024 کو نیب کے تفتیشی افسر کے سامنے پیش کیا گیا تھا اور اس موقع پر معافی کی درخواست بھی جمع کرائی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ 25 مئی 2022 کو کابینہ ڈویژن کے سیکشن آفیسر نے بلغاری جیولری سیٹ کی تشخیص کا کام انہیں سونپا تھا اور انہوں نے اپنی رضامندی سے نیب کے تفتیشی افسر کو متعلقہ دستاویزات فراہم کیں۔

انعام اللہ شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے ہی صہیب عباسی سے جیولری سیٹ کی قیمت کم کرنے کو کہا تھا۔ انعام اللہ شاہ نے مزید اعتراف کیا کہ انہوں نے پی ٹی آئی اور سرکاری نوکری دونوں سے تنخواہیں وصول کیں اور 2019 سے 2021 تک ڈبل سیلری لیتے رہے۔ ان کے مطابق انہیں بشریٰ بی بی کی ناراضی پر ملازمت سے برطرف کیا گیا، تاہم ڈبل سیلری پر کوئی شکایت نہیں تھی۔ بشریٰ بی بی کو شک تھا کہ انعام اللہ شاہ کے بھائی کے تعلقات جہانگیر ترین کے ساتھ ہیں۔

انعام اللہ شاہ نے مزید بتایا کہ وہ پرائم منسٹر ہاؤس کے کنٹرولر کے طور پر بنی گالا ہاؤس میں تعینات رہے۔

نیب حکام کے مطابق بلغاری جیولری سیٹ سعودی ولی عہد نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو تحفے میں دیا تھا۔ تاہم دونوں نے یہ سیٹ توشہ خانہ میں جمع نہیں کرایا بلکہ پرائیویٹ اپریزر سے کم قیمت لگوا کر اپنے پاس رکھ لیا۔

نیب کے مطابق جیولری سیٹ کی اصل قیمت ساڑھے سات کروڑ روپے تھی، لیکن بانی پی ٹی آئی نے پرائیویٹ اپریزر سے اس کی قیمت صرف 59 لاکھ روپے لگوائی اور پھر صرف 29 لاکھ روپے سرکاری خزانے میں جمع کرائے۔ اس جیولری سیٹ میں نیکلیس، بریسلیٹ، ائیر رنگز اور ایک انگوٹھی شامل تھیں۔