جاپان کے کوّے اور پاکستان کے سیاستدان
جاپان کے کوّے اور پاکستان کے سیاستدان
یہ جاپان ہے جناب! وہی جاپان جہاں کوّوں نے سرکار کو پریشان کر رکھا تھا۔ کبھی کچرے کے تھیلے پھاڑتے، کبھی کھیت اجاڑتے، کبھی چیخ پکار سے محلے کی نیندیں حرام کر دیتے۔ لیکن جاپانی حکومت نے کمال عقل دکھائی۔ کوّؤں کو مارنے کے بجائے ان کی زبان سیکھی۔ جی ہاں، زبان! محقق ناوکی تسوکاہارا نے کوّوں کے قہقہے، چیخیں، چیخ و پکار سب ریکارڈ کیے، اور آخرکار ڈکشنری بنا ڈالی۔ پتا چلا کہ کوّے بھی کہہ سکتے ہیں: “مجھے کھانا مل گیا”، “آؤ محفوظ ہے”، “خطرہ ہے بھاگو!”
اب جاپان کے گلی کوچوں میں اسپیکر لگے ہیں۔ جہاں کچرا پڑا ہو وہاں سے کوّے فوراً ڈرا کر بھگا دیے جاتے ہیں۔ اور جہاں دانہ بکھرا ہو، وہاں بلوا لیے جاتے ہیں۔ گویا جاپان نے کوّؤں کی زبان سمجھ کر مسئلہ حل کر لیا۔
اب آ جائیے پاکستان! یہاں کوّے بےچارے خاموش ہیں، لیکن سیاست کے کوّے پورے ملک میں کچرے کے تھیلے پھاڑ رہے ہیں۔ یہ بھی شور مچاتے ہیں، یہ بھی کھیت اجاڑتے ہیں، یہ بھی عوام کے کانوں کا سکون چھین لیتے ہیں۔ فرق صرف اتنا ہے کہ جاپانی کوّے کوڑے دان پر جھپٹتے ہیں اور پاکستانی سیاست کے کوّے عوام کے خوابوں پر۔
ہمارے سیاستدانوں کی بھی زبان ہے، مگر عام آدمی کے لیے یہ زبان اجنبی ہے۔ ایک دن نعرہ لگتا ہے: “جمہوریت بچاؤ!” دوسرے دن آواز آتی ہے: “ملک بچاؤ!” تیسرے دن اعلان ہوتا ہے: “عوام کے مسائل حل کریں گے!” مگر ترجمہ اگر کوئی کر دے تو صاف پتہ چلے کہ اصل میں کہا جا رہا ہے:
“مجھے کھانا مل گیا!”
“خطرہ ہے، بھاگ جاؤ!”
“کرسی بچاؤ، اقتدار بچاؤ!”
جاپان میں کوّؤں کی 40 آوازوں کے معنی پتا چل گئے۔ کاش پاکستان میں بھی کوئی تسوکاہارا آ جائے جو ہمارے سیاستدانوں کے 40 مشہور جملوں کا ترجمہ بنا دے۔ مثلاً:
“ہماری جماعت عوام کے مسائل حل کرے گی” → مطلب: ترقیاتی فنڈز ہمیں دے دو۔
“ہم ملک میں انقلاب لائیں گے” → مطلب: اگلا الیکشن ہمارا ہونا چاہیے۔
“یہ حکومت ناکام ہو چکی ہے” → مطلب: ہمیں وزارت سے نکالا گیا ہے۔
“عدلیہ آزاد ہے” → مطلب: جب ہمارے حق میں فیصلہ آئے۔
“ملک میں مہنگائی ختم ہو گی” → مطلب: اپنی تنخواہیں اور مراعات بڑھا لی ہیں۔
کاش ہمارے ہاں بھی کوئی اسپیکر ایسا لگایا جا سکتا جو ہر تقریر کے بعد عوام کو خبردار کرے: “خطرہ ہے، یہاں سے بھاگ جاؤ۔” یا کم از کم یہ اعلان تو ہو کہ: “کھانے کا ڈرم ادھر ہے، سارے سیاستدان ادھر دوڑیں گے۔”
اصل مسئلہ یہ ہے کہ جاپان کے کوّے منظم ہیں، اکٹھے ہیں، اپنی آواز میں ایک دوسرے کو خبردار کر لیتے ہیں۔ قرآن بھی کہتا ہے کہ ہر پرندہ، ہر جاندار ایک امت ہے۔ لیکن یہاں پاکستان میں انسانوں کی امت بکھری ہوئی ہے۔ کوّے متحد ہیں، مگر ہم تقسیم در تقسیم! مذہب کے نام پر تقسیم، زبان کے نام پر تقسیم، صوبے کے نام پر تقسیم۔
سیاست کے کوّے ہر روز عوام کے کندھوں پر بیٹھ کر کانوں میں نیا شور ڈالتے ہیں۔ “نیا پاکستان آ رہا ہے”… “پرانا پاکستان بہتر تھا”… “بس ایک اور سال دو سب ٹھیک ہو جائے گا”… اور عوام بےچارے وہی کچرے کے تھیلے ہیں جنہیں یہ نوچ نوچ کر چھوڑ دیتے ہیں۔ صفائی کرنے والا کوئی نہیں آتا۔
ملک میں بجلی کے بل عوام کی چیخیں نکال دیتے ہیں، آٹا اور چینی کے بحران میں ہر گھر کو نوچ کھایا جاتا ہے، لیکن سیاستدان کی زبان کا ترجمہ پھر بھی یہی نکلتا ہے: “سب اچھا ہے۔” غریب کی جیب سے آخری سکّہ نکل جائے، وہ اسپتال میں دھکے کھا کے مر جائے، بچہ بھوک سے بلک جائے، مگر سیاستدان کا اعلان یہی ہوگا: “ملک ترقی کر رہا ہے۔”
اب سوچنے کی بات یہ ہے کہ جاپان کے کوّے تو اسپیکر کی ایک آواز پر ڈر کر بھاگ جاتے ہیں۔ ہمارے سیاستدانوں کے لیے ایسا کون سا اسپیکر لگایا جائے جو یہ سنائے: “عوام جاگ گئے ہیں، اب بھاگ جاؤ!” مگر مسئلہ یہ ہے کہ عوام کو اپنی ہی زبان سمجھنی نہیں آتی۔ عوام ہر بار نئے وعدے، نئے نعروں کی دھن پر جھوم جاتے ہیں۔ کل تک جنہیں چور کہا جاتا ہے، آج وہی مسیحا بن کر پیش کیے جاتے ہیں۔
جناب! اگر جاپان والے ہمارے ملک کی سیاست پر ریسرچ کریں تو نئی ڈکشنری بنے گی: “سیاسی کوّوں کی لغت”۔ اس لغت میں سب نعرے، سب تقاریر، سب وعدے ترجمے کے ساتھ لکھے جائیں گے۔ اور ساتھ ہدایت یہ ہو گی: “یہ آواز سنیں تو جیب سنبھالیں، یہ آواز سنیں تو ووٹ سنبھالیں، اور یہ آواز سنیں تو گھر کا کچرا اندر رکھ لیں کیونکہ سیاسی کوّے آنے والے ہیں۔”
جاپان نے عقل سے کوّؤں کو قابو کر لیا۔ ہمیں بھی عقل سے اپنے سیاستدانوں کو سمجھنا ہوگا۔ ورنہ یہ پرندے کبھی ہمارے گھروں کی چھتیں نہیں چھوڑیں گے، کبھی ہمارے کھیت نہیں چھوڑیں گے، کبھی ہمارے کچرے کے تھیلے نہیں چھوڑیں گے۔ فرق بس یہ ہے کہ جاپان میں کوّے پرندے ہیں، پاکستان میں کوّے انسان کے بھیس میں۔
@@@@@@@@@@@