November 2, 2026

77واں یوم آزادی اور ہماری ذمہ داریاں تحریر: وسیم طارق بھٹو

IMG-20240813-WA0144

77واں یوم آزادی اور ہماری ذمہ داریاں
تحریر: وسیم طارق بھٹو
محکمہ تعلقات عامہ اوکاڑہ
پاکستان ایک دن کی نہیں بلکہ صدیوں کی جدوجہد کا نام ہے وطن عزیز کے حصول کے لئے برصغیر کے مسلمانوں نے جو لازوال قربانیاں دی ہیں وہ ہماری درخشندہ تاریخ ہے اکابرین تحریک پاکستان نے قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں جس طرح قربانیاں پیش کی ہیں وہ ہم سب کے لئے مشعل راہ ہے آزادی کی جو قیمت ہم نے چکائی ہے وہ شاید ہی کسی قوم کا مقدر ہو دس لاکھ سے زائد مسلمانوں کی شہادت اور دنیا کی سب سے بڑی ہجرت نے آزادپاکستان کے لئے بنیاد فراہم کی آزادی کی نعمت ہمیں مفت اور خیرات میں نہیں ملی اس کے لئے ہماے آباؤ اجداد نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور آزاد ی کے چراغ کے لئے اپنا لہو پیش کیا ہے آزادی قدرت کا ایک انمول اوربیش قیمت تحفہ ہے ہمیں نہ صرف اپنی آزادی کی حفاظت کرنا ہے بلکہ اقوام عالم میں ایک منفرد اور نمایاں مقام کے لئے جدوجہد جاری رکھنی ہے ہم اپنے بزرگوں کی قربانیوں کو بھلا کر کسی صورت ترقی نہیں کر سکتے ہیں ہمیں تحریک پاکستان اور مسلمانان ہند کی جدوجہد آزادی کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے متعلق نئی نسل کو آگاہ کرنا ہے آزادی کچھ ذمہ داریوں سے عبارت ہے اور ہر شخص ذمہ دار ہے اگر ہم پاکستان کو ایک خوشحال ترقی یافتہ فلاحی،اسلامی مملکت دیکھنا چاہتے ہیں توہمیں انتہائی سنجیدگی سے مستقبل کے لئے پیش بندی کرنا ہے اور جشن آزادی کے موقع پر اپنے آپ سے عہد کرنا ہے کہ ہم وطن عزیز کی بہتری اور کامیابی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ملک کے اداروں کی مضبوطی عوام کی فلاح و بہبود مذہبی رواداری کے فروغ سیاسی انتشار کے خاتمہ کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے ذاتی اور گروہی مفاد سے بالا تر ہو کر ملک کے روشن مستقبل کے لئے سوچیں اور قائد اعظم کے اس سبق ایمان،اتحاد تنظیم کو مشعل راہ بنا کر مستقبل کا راستہ متعین کریں جشن آزادی اس بات کا درس بھی ہے کہ ہمیں ایک ذمہ دار پاکستان کے طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہے یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ پاکستان نہ صرف مسلمانان برصغیر کی امیدوں کا محور ہے بلکہ عالم اسلام میں بھی ایک قائد کی حیثیت رکھتاہے ہمیں پاکستان کے عزت و و قار کے لئے ہمہ وقت کام کرناہے ملک دشمن عناصر اور پاکستان کے مخالف ممالک ہمیشہ سے وطن عزیز کے لئے مشکلات اور مسائل کھڑے کرتے ہیں ہمیں اپنے اداروں کے ساتھ مل کر نہ صرف آزادی کی حفاظت کرنی ہے بلکہ پاکستان کی نظریاتی سرحدوں پر حملہ کرنے والوں کے وار بھی روکنا ہیں۔ پاکستان ہماری امنگوں کا ترجمان ہے ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ ہم پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور سلامتی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اکابرین پاکستان اور ہمارے اسلاف نے وطن عزیز کو حاصل کرنے کے لئے جو قربانیاں دی ہیں انہیں ہر گز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا پاکستان میں محبت،امن،بھائی چارے،رواداری اور برداشت کے جذبوں کو پروان چڑھانا ہر شخص کی انفرادی اور اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم ایک حساس،خوشحال،مضبوط اور ذمہ دار قوم کے طور پر دنیامیں پہچانے جائیں پاکستان کو قائد اعظم کے ویژن کی روشنی میں آگے بڑھانا ہے اور علامہ اقبال کے خوابوں کی عملی تعبیر کو شکل دینی ہے آزادی ایک نعمت ہے ہمیں قائد اعظم محمد علی جناح کے ایمان اتحاد اور تنظیم کے فرمان کو مد نظر رکھتے ہوئے اس بات کا عہد کرنا ہے کہ ہم اپنی بہترین صلاحیتیں پاکستان کی خدمت کے لیے وقف کریں گے
معزز قارئین! جشن آزادی تجدید عہد کا دن کا ہے کہ ہم نے وطن عزیز کی حفاظت عزت وقار سلامتی اور ترقی کے لئے یک سو ہو کر محنت کرنا ہے ترقی اور خوشحالی کا سفر آزادی کے بغیر نا ممکن ہے حقیقی آزادی افراد خاندان اور قوموں کو بام عروج تک لے جاتی ہے جبکہ غلامی افراد اور معاشروں کو تباہی اور بربادی کے اندھیروں میں دھکیل دیتی ہے پاکستان کی مشکلات و مسائل کے حل کے لئے بنیادی کلید میرٹ شفافیت قانون کی عملد اری اقربا پروی سے اجتناب اور کرپشن کے خاتمہ کے سخت قوانین پر عملد رآمد کے ساتھ ساتھ ایک متحرک اور فعال انتظامی ڈھانچہ ازحد ضروری ہے
قارئین کرام!پاکستان نظریاتی بنیادوں پر حاصل کیا گیا ملک ہے جس کی بنیادوں میں ہمارے آباؤ اجداد کا خون شامل ہے وطن عزیز کو معرض و جود میں لانے کے لئے قائد اعظم کی قیادت میں مسلمانوں نے لازوال کردار ادا کیا ہے اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں کے نعرہ کو عملی تعبیر دینے کا یہی وقت ہے جب ہمارا ملک مشکل حالات سے گذر رہا ہے ہمارا اتفاق و اتحاد،اخوت اور بھائی چارے کا عملی مظاہرہ دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لئے از حد ضروری ہے عشروں کی جد و جہد کے بعد حاصل ہونے والے اس ملک کو سنوارنے کے لئے ہمیں مذہب،رنگ و نسل،ذات،اور علاقائی عصبیت سے بالا تر ہو کر اپنے مفاد کو پس پشت ڈال کر ملکی مفاد کو مد نظر رکھنا ہے قائد اعظم اور علامہ اقبال ؒ کے افکار و نظریات کو نئی نسل تک پہنچانے،ایمان،اتحاد اور تنظیم کے سبق کو ہمیشہ مد نظر رکھنے کی جتنی ضرورت آج ہے پہلے کبھی نہ تھی اساتذہ ء کرام اور والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ نوجوان نسل کو پاکستان کی فکری اساس سے روشناس کروائیں اور تحریک پاکستان میں اکابرین کی قربانیوں اور جد و جہد سے متعلق بتائیں تاکہ انہیں اس مادر وطن کی قدرو قیمت کا احساس ہو 14اگست کا دن نہ صرف خوشیاں منانے کا دن ہے بلکہ صحیح معنوں میں وطن عزیز کی ترقی اور اسے ہمیشہ قائم و دائم رکھنے کے لئے خلوص دل سے کوشاں رہنے کے عہد کرنے کا دن ہے 14اگست خوشیاں منانے کے ساتھ ساتھ احساس ذمہ داری کو اجاگر کرنے کا بھی دن ہے ہم نے اپنے آپ سے یہ عہد کرنا ہے کہ ہم وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی اور سلامتی کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے آج کے دن آزادی کی نعمت کا شکر ادا کرنے بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اس ملک میں برابری،مساوات کے چلن کو عام کرنے جہالت کے اندھیروں کو ختم کرنے اور تعلیم کی روشنی سے وطن کے کونے کونے کو منور کرنے کے لئے عملی جدو جہد کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں حقیقی تعلیمی ترقی اور معاشی خوشحالی کے بغیر آزادی کا سفر بے معنی ہے پاکستان میں ہر بچہ سکول جائے تاکہ مستقبل میں وہ پاکستان کی حقیقی معنوں میں خدمت کر سکے اور اپنے خاندان و ملک کی معاشی خوشحالی میں ایک کلیدی کردار ادا کرنے کے قابل ہو سکے آج یوم آزادی کی تقریبات میں ہمیں اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کو بھی یاد رکھنا ہے جو حصول آزادی کے لئے بے پناہ قربانیاں دے رہے ہیں پاکستانی قوم کشمیر ی مسلمانوں کے حق خود ارادیت کی بھر پور حمایت جاری رکھے گی
پاکستان ہماری امیدوں کو محور ہے بے شمار قربانیوں کے بعد حاصل کئے گئے اس وطن کو سنوارنے،اس کی حفاظت کرنے کے لئے ہر پاکستانی عہد کئے ہوئے ہے ہم نے وطن عزیز کو مشکلات سے نکالنے کیلئے کردار ادا کرنا ہے ہمیں موجودہ حالات کے تناظر میں معاشرہ میں مثبت رویوں اور حب الوطنی کے جذبہ کو ابھارنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہے ہمیں آج یوم آزادی کے موقع پر یہ عہد کرنا ہے کہ ہم پاکستان کی سلامتی و ترقی کے لئے کسی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔
پاکستان زندہ باد۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔