November 17, 2026

سکھر: سانگی کے رہائشی سولنگی برادری کے مرد و خواتین کا اپنے بچوں کے ہمراہ احتجاج

IMG-20250918-WA0261

سکھر: سانگی کے رہائشی سولنگی برادری کے مرد و خواتین کا اپنے بچوں کے ہمراہ احتجاج

سکھر (بیورورپورٹ۔سید نصیر حسین زیدی) سانگی کے رہائشی سولنگی برادری سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین اپنے معصوم بچوں کے ہمراہ اپنے ہی برادری کے بااثر افراد کے ظلم و زیادتیوں اور ناانصافیوں کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے میں شریک ہوئے۔تفصیلات کے مطابق محمد ہاشم سولنگی نے دیگر مظاہرین کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آٹھ روز قبل رشتے کے تنازعے پر ہمارے رشتہ داروں نے 50 سے زائد افراد کے ہمراہ ہمارے گھر پر حملہ کیا اور میرے چھوٹے بھائی رانو سولنگی اور اس کی بیوی کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ اس تشدد کے نتیجے میں میرا بھائی اس وقت زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہے۔محمد ہاشم سولنگی نے الزام لگایا کہ ہمارے مکان پر زبردستی قبضہ کرلیا گیا ہے اور خادم سولنگی، علی رضا، جواد، شوکت، محمد علی، لیاقت سولنگی سمیت دیگر نامعلوم افراد ہمیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ وہ ہمیں یہ کہتے ہیں کہ یا تو اپنی بیٹی کا رشتہ انہیں دیا جائے یا پھر گھر ان کے نام منتقل کر دیا جائے۔انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل بھی یہ ملزمان میرے دو بھائیوں کو قتل کر چکے ہیں اور اب دوبارہ ہمیں نشانہ بنا رہے ہیں۔ ہمارے ہی کزنز کے بیٹوں نے بلاجواز ہمارے گھر پر حملہ کرکے میرے چھوٹے بھائی کو شدید زخمی کر دیا۔ “ہمارے چھوٹے چھوٹے بچے ہیں، ہم جھگڑا نہیں چاہتے، مگر ہمیں جبراً ظلم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے”، انہوں نے کہا۔محمد ہاشم سولنگی نے مزید بتایا کہ انہوں نے متعلقہ تھانے سانگی میں چھ نامزد ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے لیکن بدقسمتی سے پولیس کی جانب سے تاحال کسی قسم کی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔احتجاج کرنے والے مظاہرین نے چیف جسٹس آف پاکستان، وزیراعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی سکھر سے پرزور مطالبہ کیا کہ ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور متاثرہ خاندان کو تحفظ اور انصاف فراہم کیا جائے۔