سکھر: پنوعاقل کا پریمی جوڑا تحفظ کے لیے سکھر پریس کلب پہنچ گیا بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی
سکھر: پنوعاقل کا پریمی جوڑا تحفظ کے لیے سکھر پریس کلب پہنچ گیا
بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی
سکھر (بیورورپورٹ) پنوعاقل سے تعلق رکھنے والا ایک پریمی جوڑا تحفظ کی فراہمی کے لیے سکھر پریس کلب پہنچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق غلام فرید چاچڑ اور اقراء ملک، جو ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے، نے باہمی رضامندی سے سکھر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں شادی کی اور بعدازاں اپنی جان کو لاحق خدشات کے باعث سکھر پریس کلب پہنچ کر احتجاج ریکارڈ کرایا۔غلام فرید چاچڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا: “ہم دونوں ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے اور اسی بنیاد پر ہم نے عدالت میں پسند کی شادی کی۔ تاہم ہمیں اپنے قریبی رشتہ داروں سے جان کا شدید خطرہ ہے۔ خدشہ ہے کہ وہ کسی بھی وقت ہمارے خلاف کوئی خطرناک قدم اٹھا سکتے ہیں۔اقراء ملک نے بھی اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا: “ہم نے قانون کے مطابق شادی کی ہے لیکن اس کے باوجود ہمارے اپنے ہی رشتہ دار ہمیں نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہم اعلیٰ حکام سے اپیل کرتے ہیں کہ ہمیں ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جائے اور ہمارا بیان ریکارڈ پر رکھا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔پریمی جوڑے نے چیف جسٹس آف پاکستان، وزیراعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی سکھر سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر ان کی جان کے تحفظ کے لیے اقدامات کریں اور ان کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جائے۔اس موقع پر پریس کلب میں موجود صحافیوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھی حکومت اور پولیس انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ جوڑے کو مکمل قانونی تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ وہ پرامن زندگی گزار سکیں۔