November 17, 2026

*تجاوزات کا خاتمہ، ایک خوش آئند اقدام*

IMG-20250918-WA0181

*تجاوزات کا خاتمہ، ایک خوش آئند اقدام*

*ٹوبہ ٹیک سنگھ ۔( افضل کھیتران ڈسٹرکٹ بیورو چیف) ٹوبہ ٹیک سنگھ کی انتظامیہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر شہر کی خوبصورتی اور شہری سہولت کے لیے تجاوزات کے خلاف جو مہم شروع کی ہے وہ بلاشبہ قابلِ تعریف ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کی سربراہی میں سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر صدف ارشاد اور پیرا فورس کی ٹیمیں دن رات متحرک ہیں۔ ان کا مقصد نہ صرف غیر قانونی تجاوزات کا خاتمہ ہے بلکہ شہر کی آمدورفت کو رواں دواں رکھنا اور عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا بھی ہے۔رجانہ روڈ پر حالیہ کارروائی اس بات کا ثبوت ہے کہ ضلعی انتظامیہ محض زبانی دعووں پر اکتفا نہیں کر رہی بلکہ عملی اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ دکانوں پر آویزاں فلیکس کو بھی ضابطے کے مطابق کرنے کی ہدایت دراصل شہر کو ایک بہتر اور یکساں حسن دینے کی طرف اہم پیش رفت ہے۔ یہ اقدامات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ اگر عوام اور انتظامیہ ایک پیج پر ہوں تو شہر کو نہ صرف صاف ستھرا بنایا جا سکتا ہے بلکہ اس کی کشش اور حسن بھی بڑھایا جا سکتا ہے۔یہ حقیقت کسی سے پوشیدہ نہیں کہ تجاوزات محض ایک دکان یا ریڑھی کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ پورے معاشرتی نظم و ضبط کو متاثر کرتی ہیں۔ سڑکوں پر قبضہ ہو جائے تو ٹریفک جام معمول بن جاتا ہے، پیدل چلنے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور حادثات کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں۔ مزید یہ کہ شہر کی عمومی خوبصورتی اور کشادگی متاثر ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ صدف ارشاد نے بجا طور پر کہا کہ “کسی کو قانون کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی”۔تاہم اس معاملے میں صرف انتظامیہ کا کردار کافی نہیں۔ عوامی تعاون اس مہم کی کامیابی کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ دکاندار اگر اپنی جگہ پر رہ کر کاروبار کریں اور غیر ضروری تجاوزات ختم کریں تو نہ صرف ان کا کاروبار متاثر نہیں ہوگا بلکہ شہر بھی سب کے لیے آسان اور خوشگوار بنے گا۔ شہریوں کو بھی چاہیے کہ تجاوزات ختم کرنے والے عملے کے ساتھ تعاون کریں اور اپنی ذمہ داری کو سمجھیں۔یہ حقیقت ہے کہ صاف اور خوبصورت شہر ہر فرد کی خواہش ہوتی ہے مگر اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے قربانی اور شعور کی ضرورت ہے۔ تجاوزات کے خلاف جاری یہ مہم صرف چند دنوں یا ہفتوں کا عمل نہیں ہونا چاہیے بلکہ ایک مسلسل اور منظم عمل ہونا چاہیے۔ اس میں تسلسل ہی وہ کڑی ہے جو شہر کو ہمیشہ کے لیے تجاوزات کی لعنت سے نجات دلا سکتی ہے۔آخر میں یہ کہنا بجا ہوگا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کی انتظامیہ نے ایک اچھی روایت قائم کی ہے۔ اگر یہ سلسلہ اسی عزم اور تسلسل کے ساتھ جاری رہا تو یقیناً یہ شہر پنجاب کے صاف ستھرے اور خوشنما شہروں میں شمار ہوگا۔ عوام کا تعاون اور انتظامیہ کی مستقل مزاجی ہی وہ فارمولا ہے جو ترقی اور خوبصورتی کے خواب کو حقیقت میں بدل سکتا ہے۔*