سرگودھا(راجہ نورالہی عاطف سے )حالیہ سیلاب میں حکومت پاکستان حتی المقدور سیلاب زدگان کی مدد کر رہی ہے۔ پاک فوج ریسکیو1122 سول
سرگودھا(راجہ نورالہی عاطف سے )حالیہ سیلاب میں حکومت پاکستان حتی المقدور سیلاب زدگان کی مدد کر رہی ہے۔ پاک فوج ریسکیو1122 سول ،ڈیفنس اور کئی سماجی اداروں نے سیلاب سے متاثرین کی مدد میں قابل مثال کردار ادا کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار سماجی رہنما ،سول ڈیفنس کے ڈپٹی چیف وارڈن شیخ محمد ارشد محمود نے ریڈیو پاکستان کے پروگرام دانش کدہ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں دنیائے اَدب کے شہسوار ڈاکٹر وزیر آغا کے حوالے سے محترمہ نجمہ منصور ،شاعر وادیب ذوالفقار احسن، علی عبداللہ اور ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے بھی اظہار خیال کیا۔ ارشد محمود نے مزید کہا کہ محترمہ مریم نواز صاحبہ وزیراعلیٰ پنجاب نے مختلف علاقہ جات کے طوفانی دورے کیے۔ وہ لوگوں کے ساتھ گھل مل کر ان کے مسائل سنتی رہیں۔ ان کا یہ عمل ہمیشہ یاد رہے گا ۔ایک موقع پر محمد ارشد محمود نے مریم نواز کو اپنی بہن کہتے ہوئے انھیں ہدیہء تحسین پیش کیا ۔اسالیب کے ایڈیٹر شاعر و اَدیب محترم ذوالفقار احسن اور مصنفہ و شاعرہ محترمہ نجمہ منصور نے کہا کہ ڈاکٹر وزیر آغا نے پوری دنیا میں علم و ادب کے حوالے سے قابل ستائش شہرت حاصل کی ۔وہ دبستان سرگودھا کا سائبان تھے۔ اُن کی تخلیقات سے یونیورسٹیاں اور کالجز استفادہ کر رہے ہیں۔ اُن کے فکر و فن پر ایم اے ،ایم فل اور پی ایچ ڈی کے تحقیقی مقالات لکھے جانے کا سلسلہ جاری ہے ۔ڈاکٹر وزیر آغا بیک وقت بہت سے ادبی محاذوں پر برسر عمل رہے۔ نجمہ منصور نے اظہار خیال کے علاوہ اپنی طویل نظمیں ،طویل نثری نظم میں ڈاکٹر وزیرآغا کو ہدیہ ء عقیدت پیش کیا ۔ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ سیلاب زدگان کے مدد کریں۔ آزمائش کی اس گھڑی میں اپنے بھائیوں کو حوصلہ دیں۔ اُن کی آباد کاری اور دیگر مسائل میں ان کی دستگیری کریں۔ آج ہمیں ایک قوم بننے کی ضرورت ہے۔ یہ پروگرام محترمہ فریحہ کنول نے پیش کیا۔ ڈی جے بلال اس پروگرام کے انجینئر تھے۔