ویکسین اور بانجھ پن کا پراپیگنڈا
ویکسین اور بانجھ پن کا پراپیگنڈا
دنیا کی تاریخ گواہ ہے کہ انسان نے مہلک بیماریوں پر قابو پانے کے لیے سب سے مؤثر ہتھیار ویکسین کو پایا۔ ویکسین کا بنیادی مقصد جسم کے مدافعتی نظام کو مضبوط بنانا اور اسے اس قابل بنانا ہے کہ وہ وائرس یا بیکٹیریا کے حملے کے خلاف فوری ردعمل دکھا سکے۔ یہی وجہ ہے کہ چیچک کا خاتمہ ممکن ہوا، پولیو کی شدت کم ہوئی اور کورونا وبا میں لاکھوں زندگیاں بچائی گئیں۔
بدقسمتی سے پاکستان میں جب بھی کوئی ویکسین متعارف کروائی جاتی ہے تو چند جاہل اور کم علم حلقے اسے بانجھ پن کے ساتھ جوڑ کر پراپیگنڈا شروع کر دیتے ہیں۔ کورونا ویکسین کے دنوں میں بھی یہی شور مچایا گیا کہ یہ نسل کشی کا منصوبہ ہے۔ پولیو کے خلاف چلائی جانے والی مہم کو بھی سازش قرار دیا گیا۔ نتیجہ یہ نکلا کہ والدین نے بچوں کو قطرے پلانے سے انکار کر دیا اور آج پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں پولیو ابھی تک جڑ سے ختم نہیں ہو سکا۔ وہ معصوم بچے جو پولیو ویکسین سے محروم رہے، زندگی بھر معذوری کے ساتھ جیتے ہیں، جو دراصل جھوٹے پروپیگنڈے پر یقین کرنے کا نتیجہ ہے۔
اسی طرح کورونا ویکسین کے بارے میں پھیلائی گئی افواہوں نے ہزاروں افراد کو ویکسین سے محروم رکھا۔ جنہوں نے یہ احتیاطی ڈھال اختیار نہ کی، وہ یا تو شدید بیمار ہوئے یا اپنی زندگیاں کھو بیٹھے۔ اگر عوام سائنسی حقائق کو تسلیم کرتے تو یہ نقصانات کم ہو سکتے تھے۔
اب پاکستان میں انسانی پپیلوما وائرس (HPV) ویکسین مفت متعارف کروائی گئی ہے جو خواتین میں سروائیکل کینسر کے انسداد کے لیے ایک انمول پیش رفت ہے۔ یہ کینسر خاموشی سے بڑھتا ہے اور بروقت تشخیص نہ ہونے پر جان لیوا ثابت ہوتا ہے۔ ترقی یافتہ دنیا میں HPV ویکسین نے لاکھوں خواتین کی زندگیاں بچائی ہیں۔ لیکن افسوس کہ یہاں بھی وہی پرانا بیانیہ دہرا کر کہا جا رہا ہے کہ یہ ویکسین بانجھ پن کا باعث بنتی ہے۔ سائنسی تحقیق اور عالمی ادارۂ صحت کی واضح ہدایات اس بات کی تصدیق کرتی ہیں کہ ویکسین کا تولیدی صلاحیت سے کوئی تعلق نہیں۔ بلکہ حقیقت یہ ہے کہ یہ ویکسین خواتین کو ایک مہلک مرض سے بچانے کا ذریعہ ہے۔
اصل سوال یہ ہے کہ ہم کب تک جہالت اور افواہوں کے سائے میں اپنی نسلوں کو قربان کرتے رہیں گے؟ اگر آج ہم نے HPV سمیت دیگر ویکسین کو سنجیدگی سے نہ لیا تو آنے والے برسوں میں ہزاروں خاندان اس کینسر اور دیگر بیماریوں کے بوجھ تلے دب جائیں گے۔
ضرورت اس بات کی ہے کہ معاشرے کے ہر فرد کو یہ شعور دیا جائے کہ ویکسین بانجھ پن نہیں بلکہ صحت اور زندگی کی ضمانت ہے۔ پراپیگنڈا وقتی شور پیدا کرتا ہے، لیکن سچ یہ ہے کہ ویکسین ہی وہ ڈھال ہے جو ہماری آنے والی نسلوں کو بیماریوں، معذوری اور موت سے بچا سکتی ہے۔