ڈاکٹر عمارہ شیرازی بطورفرض شناس پولیس آفیسر – عوامی خدمت کی درخشاں مثال خصوصی تحریر: راجہ نورالہیٰ عاطف
ڈاکٹر عمارہ شیرازی بطورفرض شناس پولیس آفیسر – عوامی خدمت کی درخشاں مثال
خصوصی تحریر: راجہ نورالہیٰ عاطف
قوموں کی ترقی و بقاء میں وہی ادارے بنیادی کردار ادا کرتے ہیں جو اپنی ذمہ داریاں ایمانداری، جرات اور فرض شناسی کے ساتھ ادا کریں۔ انہی اداروں میں پولیس کا ادارہ بھی نمایاں ہے جو امن و امان کے قیام، جرائم کی بیخ کنی اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت سرگرم رہتا ہے۔ اس شعبے میں خواتین افسران کی شمولیت نہ صرف معاشرتی اعتماد میں اضافہ کا باعث بنتی ہے بلکہ خواتین کی صلاحیتوں اور کردار کو اجاگر کرنے کا بھی ذریعہ بنتی ہے۔ قارئین کرام ! کسی بھی علاقہ کے مکینوں کی یہ خوش قسمتی ہوتی ہے کہ اگر وہاں پر کوئی فرض شناس آفیسر تعینات کر دیا جائے چنانچہ اس لحاظ سے ضلع خوشاب کے باسی نہایت خوش قسمت ہیں کہ یہاں پر پولیس ڈیپارٹمنٹ کے لیے پے در پے فرض شناس، نڈر، بے باک اور میرٹ پسند پولیس آفیسرز کی تعیناتی عمل میں لائی جا رہی ہے حال ہی میں میڈم ڈاکٹر عمارہ شیرازی کو بھی یہاں پر بطور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خوشاب تعینات کیا گیا ہے ۔ جنہوں نے محکمہ ء پولیس ضلع خوشاب کا قلمدان سنبھالنے کے ساتھ ہی خلق خدا کی خدمت کے لیے شب و روز ایک کر دیا ہے ۔ موصوفہ جہاں جہاں بھی تعینات رہی ہیں انہوں نے عوامی ریلیف کےلیے مثالی کردار ادا کیا ہے۔ آپ بطور
ایک فرض شناس پولیس آفیسر نہ صرف قانون کی عملداری کے لیے سرگرم عمل رہتی ہیں بلکہ اپنی نرم خوئی، شائستگی اور حوصلہ مندی سے عوام کے دلوں میں عزت و احترام پیدا کیا ہے۔ یہ حقیقت کسی سے پوشیدہ نہیں کہ معاشرتی مسائل کے حل، گھریلو تنازعات، خواتین اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے خاتون پولیس آفیسر کا کردار کسی بھی معاشرے میں ناگزیر ہے۔
وہ مشکلات اور چیلنجز کا سامنا مرد ہم منصبوں کی طرح جرات و بہادری سے کرتی ہیں۔ دفتری ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ فیلڈ میں بھی پوری تندہی کے ساتھ کام کرنا ان کی پہچان ہے۔ کئی بار ایسے مواقع بھی آتے ہیں جب خواتین پولیس آفیسر دن رات کی پرواہ کیے بغیر عوام کے لیے دستیاب رہتی ہیں۔ یہی قربانی اور جذبہ انہیں ایک مثالی آفیسر بناتا ہے اور محترمہ ڈاکٹر عمارہ شیرازی انہی اوصاف حمیدہ سے متصف ہیں ۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خوشاب ڈاکٹر عمارہ شیرازی نے تواتر سے ضلع بھر میں عوامی ریلیف کے لیے کھلی کچہریوں کا انعقاد شروع کر رکھا ہے جس سے جہاں لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہو رہے ہیں وہاں انہیں اس حوالے سے بھرپور ریلیف بھی مل رہا ہے جس پر آپ زبردست خراج تحسین وآفرین کی مستحق ہیں ۔ اللہ تعالی ا کے فضل و کرم سے ان کی زیر قیادت ضلع بھر کے فرض شناس جملہ پولیس آفیسرز کرائمز پیشہ افراد کی بھرپور طریقے بیخ کنی کر رہے ہیں جس پر ضلع خوشاب کے عوامی سماجی حلقے انہیں زبردست خراج تحسین پیش کر رہے ہیں ۔ مختلف علاقوں میں پولیس کے موثر گشت کی وجہ سے بھی قانون شکن عناصر کی حوصلہ شکنی ہوئی ہے اور ان کے خلاف قانون کا گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ اللہ تبارک و تعالی ا کے فضل و کرم سے ضلع خوشاب مجموعی طور پر امن کاگہوارہ بن چکا ہے۔ برسبیل تذکرہ یہاں پر جتنے بھی پولیس آفیسرز تعینات رہے ہیں انہوں نے محکمہ ء پولیس ضلع خوشاب کی باگ ڈور سنبھالنے کے ساتھ ہی اپنے اپنے دور میں یہاں پر امن و امان کے قیام کے لیے ہمیشہ مثالی کردار ادا کیا ہے اور اب محترمہ ڈاکٹر عمارہ شیرازی صاحبہ بھی اس حوالے سے مثالی اور قابل تقلید کردار ادا کررہی ہیں۔
ایسی باصلاحیت اور فرض شناس خواتین ہمارے معاشرے کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ وہ نئی نسل کی لڑکیوں کے لیے ایک روشن مثال ہیں کہ محنت، دیانتداری اور اخلاص کے ساتھ اگر ذمہ داریاں نبھائی جائیں تو کامیابی اور عزت خود بخود قدم چومتی ہے۔
پاکستان کی پولیس فورس میں شامل ایسی خواتین نہ صرف ادارے کی نیک نامی کا باعث ہیں بلکہ ملک و قوم کے روشن مستقبل کی ضمانت بھی ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کریں اور ان کے حوصلے کو مزید بلند کرنے کے لیے ہر سطح پر ان کی حوصلہ افزائی کریں۔
اپنا کالم ان اشعار پر ختم کرتاہوں کہ :
وفا، دیانت اور ہمت کی زندہ تصویر ہیں آپ
محافظِ قوم ہیں، سب کے دلوں کی تعبیر ہیں آپ
سلام ان پہ جو امن کا پرچم بلند کرتے ہیں
سچائی اور انصاف کو ہر دم پَسند کرتے ہیں