جب دریا بولتے ہیں گزشتہ دنوں خیبر پختونخوا میں کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں آنے والے تباہ کن سیلاب نے سینکڑوں
جب دریا بولتے ہیں
گزشتہ دنوں خیبر پختونخوا میں کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں آنے والے تباہ کن سیلاب نے سینکڑوں زندگیاں نگل لیں۔ بستیاں صفحہ ہستی سے مٹ گئیں، مال مویشی پانی کی نذر ہو گئے اور پہاڑی ندی نالے اپنے راستے میں آنے والی ہر شے کو بہا لے گئے۔ ابھی ان حادثات کے زخم تازہ ہی تھے کہ اچانک دریائے ستلج، راوی اور چناب میں پانی کی ایک نئی یلغار نے پنجاب کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ بھارت کی جانب سے لاکھوں کیوسک پانی ایک ہی وقت میں چھوڑنے کی آبی جارحیت اور قدرتی مون سون بارشوں نے مل کر اس تباہی کو کئی گنا بڑھا دیا۔ یوں محسوس ہوا جیسے دریا خاموش رہنے کے بجائے چیخ چیخ کر ہمیں اپنی کوتاہیوں کا احساس دلا رہے ہوں۔ دریائے چناب نے سیالکوٹ، چنیوٹ اور جھنگ میں قیامت ڈھا دی، جبکہ راوی نے لاہور، اوکاڑہ، پیر محل، کمالیہ اور کبیر والا کو بری طرح متاثر کیا۔ لاہور کے باسی آج اس حقیقت کا سامنا کر رہے ہیں کہ انہوں نے راوی کے قدرتی راستے پر ہاؤسنگ کالونیاں تعمیر کر کے خود کو تباہی کے دہانے پر دھکیل دیا۔ وہ بستیاں جو کل خوشحال زندگی کی علامت تھیں، آج پانی میں ڈوبے کھنڈر بن کر کھڑی ہیں۔ جھنگ کے شمال مغربی علاقے کے درجنوں دیہات کے مکین اپنے گھروں سے نکل مکانی پر مجبور ہو گئے، ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں برباد ہو گئیں اور کسان ہاتھوں میں بیج کے بجائے پانی کے بہتے ملبے کو تکتے رہ گئے۔
احمد پور سیال، اٹھارہ ہزاری، شورکوٹ اور گردونواح کے علاقے گھگھ بار، ڈبکلاں، کوٹلی جھنڈیر، بستی وریام، جلالپور کملانہ، کھوکھرا کملانہ، گھمن ماڑی اور حسو والی سمیت درجنوں دیہات دریائے چناب و راوی کی بے رحم موجوں کی لپیٹ میں دکھائی دے رہے ہیں۔ 14 پل، 25 پل اور نواحی علاقے انسانی ہجرت کے منظر پیش کر رہے ہیں۔ لوگ اپنی تمام تر جمع پونجی پانی کے رحم و کرم پر چھوڑ کر محفوظ مقامات کی تلاش میں نکل کھڑے ہوئے ہیں۔ یہ وہ منظر ہے جو ہماری اجتماعی ناکامی کا نوحہ سناتا ہے۔
یہ تباہی محض قدرتی آفت نہیں بلکہ ہماری اپنی غفلت اور حکومتی نااہلی کا نتیجہ ہے۔ دریا ہمیشہ اپنے راستے کے وفادار رہے ہیں، مگر ہم نے ان کے راستوں پر بستیاں بسا کر خود کو مصیبت کے دہانے پر لا کھڑا کیا۔ برسوں کی بے حسی اور منصوبہ بندی کے فقدان نے آج ہمیں اس مقام پر لا کھڑا کیا ہے جہاں سیلاب محض پانی کا ریلا نہیں بلکہ ایک سوالیہ نشان ہے ہماری حکمرانی، ہماری ترجیحات اور ہمارے اجتماعی شعور پر۔
پاکستان جیسے زرعی ملک کے لیے سیلاب صرف انسانی جانوں کا نقصان نہیں بلکہ معاشی تباہی کا بھی پیش خیمہ ہے۔ ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں، باغات اور مویشیوں کی ہلاکت براہ راست قومی معیشت پر ضرب ہے۔ کسان جس امید کے ساتھ بیج بوتا ہے، وہ امید آج پانی کی نذر ہو چکی ہے۔ مگر افسوس کہ حکومت کے پاس نہ ڈیمز ہیں، نہ فلڈ پروٹیکشن کے موثر انتظامات، اور نہ ہی متاثرین کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا کوئی مربوط نظام۔ضرورت اس امر کی ہے کہ دریائی پٹیوں پر ہر قسم کی غیر قانونی آبادکاری پر فوری پابندی عائد کی جائے۔ بڑے ڈیمز اور فلڈ کنٹرول منصوبے محض سیاسی نعروں کے بجائے عملی جامہ پہنیں۔ شجرکاری کو فروغ دیا جائے تاکہ زمین پانی کو اپنے اندر جذب کر سکے اور ماحول متوازن رہے۔ مقامی سطح پر آفات سے نمٹنے کے تربیتی پروگرام شروع کیے جائیں تاکہ دیہات کے باسی وقتِ ضرورت اپنی بقا کی جنگ لڑ سکیں۔ ورنہ یاد رکھیں، دریا جب بھی بولتے ہیں تو انسانی بستیاں خاموش ہو جاتی ہیں۔ یہ خاموشی صرف ملبے اور آنسوؤں کی زبان سمجھتی ہے۔ اور اگر ہم نے اب بھی سبق نہ سیکھا تو تاریخ ہمیں صرف بے حسی، نااہلی اور اندھی ترجیحات کے مجرموں کے طور پر یاد رکھے گی۔