“چاک کی گرد میں دفن خواب”
“چاک کی گرد میں دفن خواب”
دنیا کے ترقی یافتہ ملک برطانیہ میں نئے تعلیمی سال کے آغاز پر یہ خبر آئی کہ وہاں ۲۵ فیصد سے زیادہ سرکاری اسکولز میں فزکس کے اساتذہ دستیاب نہیں۔ وجہ وہی پرانی ہے: کم تنخواہیں، زیادہ کام، اور بڑھتے ہوئے تقاضے۔ یہ سن کر ہمارے تعلیمی ماہرین شاید لمحہ بھر کو سکون کا سانس لیں کہ بحران صرف ہمارے ہاں نہیں، لندن اور مانچسٹر کی درسگاہوں میں بھی دستک دے رہا ہے۔ مگر سوال یہ ہے کہ کیا ہمیں اس عالمی بحران سے کوئی سبق ملے گا یا ہم ہمیشہ کی طرح دوسروں کے زخموں پر مرہم دیکھ کر اپنے ناسور بھول جائیں گے؟
پاکستان میں استاد کا حال اس سے کہیں زیادہ ابتر ہے۔ یہ وہ پیشہ ہے جسے کبھی “معمارِ قوم” کہا جاتا تھا مگر آج وہ “مزدورِ قوم” سے بھی کم حیثیت رکھتا ہے۔ استاد کے ہاتھ میں چاک ہے، مگر جیب میں خالی کاغذ۔ اس کی تنخواہ اتنی کہ بجلی کا بل ادا کرے تو گیس کے لیے ادھار لینا پڑے۔ گیس کا بل دے تو بچوں کی فیس رہ جائے۔ اور اگر فیس ادا کر دے تو اپنے ہی بچوں کے لنچ باکس میں خالی ڈبہ ڈالنے پر مجبور ہو جائے۔
محکمہ تعلیم کی طرف نظر ڈالیں تو لگتا ہے جیسے یہ ادارہ طلبہ کی بجائے فائلوں کو تعلیم دینے میں زیادہ دلچسپی رکھتا ہے۔ ہر اجلاس، ہر بریفنگ، ہر نئی پالیسی میں “اصلاحات” کا ڈھنڈورا پیٹا جاتا ہے، مگر عملی طور پر استاد کے کمرے میں بلب جلانے کے لیے چندہ مانگا جاتا ہے۔ جن اسکولز میں کتابیں پہنچنی تھیں، وہاں تالا لگا ہے۔ جن طلبہ کو وظیفہ ملنا تھا، وہ اب بھی قطاروں میں کھڑے اپنی باری کا انتظار کر رہے ہیں۔
برطانیہ کے بچے اگر مہنگائی کے سبب موسیقی اور جغرافیہ جیسے مضامین سے دور ہو رہے ہیں تو پاکستان کے بچے تو نصاب ہی سے دور ہوتے جا رہے ہیں۔ وہاں مسئلہ “اضافی مضامین” کا ہے، یہاں “بنیادی مضامین” کا۔ برطانیہ میں بچے پیانو چھوڑ رہے ہیں، ہمارے ہاں بچے اسکول ہی چھوڑ رہے ہیں۔
استاد کی سب سے بڑی محرومی عزت ہے۔ معاشرہ استاد کو اتنی عزت دیتا ہے جتنی کسی ٹریفک سگنل پر بھیک مانگنے والے کو۔ فلاحی ادارے فنکاروں کے لیے شامِ موسیقی کا اہتمام کرتے ہیں، سیاستدان جلسوں میں اپنے تئیں دانشور بن جاتے ہیں، مگر استاد کے لیے کوئی پلیٹ فارم نہیں جہاں اس کے دکھ بیان کیے جائیں۔
اصل سوال یہ ہے کہ کیا محکمہ تعلیم کو کبھی احساس ہوگا کہ استاد محض تنخواہ لینے والا ملازم نہیں بلکہ قوم کا معمار ہے؟ کیا کبھی یہ سوچنے کی زحمت گوارا کی جائے گی کہ جب استاد تھکن سے چور ہوگا، تو وہ نئی نسل کو کیا توانائی دے پائے گا؟ جب استاد خود غربت کے اندھیروں میں جی رہا ہو، تو وہ طلبہ کے ذہنوں کو کیسے روشن کرے گا؟
آج برطانیہ اپنے بحران سے نکلنے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کر رہا ہے۔ وہاں بات صرف “اساتذہ کی کمی” پر رک گئی ہے۔ مگر ہمارے ہاں تو مسئلہ کثیرالجہتی ہے:
اساتذہ کی کمی بھی ہے۔
موجودہ اساتذہ کی تربیت کا فقدان بھی ہے۔
تعلیمی بجٹ کی کٹوتی بھی ہے۔
اور سب سے بڑھ کر نیت کا فقدان بھی ہے۔
پاکستان میں تعلیم کا بجٹ جی ڈی پی کا معمولی سا حصہ ہے، اور اس کا بھی بڑا حصہ انتظامی اخراجات اور کاغذی کارروائیوں کی نذر ہو جاتا ہے۔ باقی بچے اساتذہ، وہ اپنی بقا کی جنگ لڑتے ہیں۔ کبھی ہڑتال، کبھی احتجاج، کبھی تنخواہوں میں اضافہ مانگنے کے لیے سڑکوں پر بیٹھ جانا۔ حیرت یہ ہے کہ جنہیں “قوم کا معمار” کہا جاتا ہے، وہ اکثر پولیس کی لاٹھیاں کھا کر اپنے “معمار ہونے” کا ثبوت دیتے ہیں۔
وقت آ گیا ہے کہ ہم تعلیم کو سنجیدگی سے لیں۔ ورنہ آنے والے کل میں نہ ہمارے پاس استاد بچے گا، نہ شاگرد، نہ اسکول، نہ علم۔ صرف ایک سوال رہ جائے گا:
“کیا ہم نے اپنے بچوں کے خواب چاک کی گرد میں دفن کر دیے؟”
@@@@@@@@