November 17, 2026

نبی کریم ﷺ سے عشق ایمان کا تقاضہ ہے، ” تحفظ ناموس صحابہؓ و اہلبیت بل” فی الفور قانون کا حصہ بنایا جائے،علامہ نعمان ضیاء فاروقی

IMG-20250902-WA0418

نبی کریم ﷺ سے عشق ایمان کا تقاضہ ہے،
” تحفظ ناموس صحابہؓ و اہلبیت بل” فی الفور قانون کا حصہ بنایا جائے،علامہ نعمان ضیاء فاروقی

میرپورخاص(عباس آرائیں)سنی رابطہ کونسل تعلقہ ڈگری کے زیر اہتمام اکیسویں سالانہ عشقِ مصطفیٰ ﷺ و دفاع صحابہؓ کانفرنس کا انعقاد مرکزی جامع مسجد ڈگری میں ہوا،
کانفرنس کے مہمان خصوصی علامہ ضیاء الرحمن فاروقی شہید کے صاحبزادے علامہ نعمان ضیاء فاروقی تھے،
علامہ نعمان ضیاء فاروقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ نبی کریم ﷺ سے عشق ایمان کا تقاضہ ہے اور حضور نبی کریم ﷺ سے محبت اور انکی اطاعت ہی اصل اسلام ہے،
عوام اپنے مذہبی رہنماؤں کے ساتھ اپنی اولادوں سے بھی بڑھ کر پیار اور محبت کرتے ہیں اور جب یہ نسبت کسی پیغمبر یا نبی کی ذات کے ساتھ ہوتو اس میں کہیں زیادہ پختگی اور قوت پیدا ہو جاتی ہے،
لوگ انبیاء کرام علیہم السلام کی ناموس کے لیے اپنی جانوں کو قربان کرنے سے بھی دریغ نہیں کرتے،
نبی کریمﷺ کی ذاتِ اقدس کے ساتھ تمام مسلمانوں کو والہانہ وابستگی ہے اور کوئی بھی غیرت مند مسلمان نبی کریمﷺ کی شانِ اقدس میں کسی قسم کی کمی یا توہین کو برداشت نہیں کر سکتا ہم ختم نبوت کے تحفظ کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کریں گے،
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں “تحفظ ناموس صحابہؓ و اہلبیت بل” فی الفور نافذ کرکے فوجداری قانون کا حصہ بنایا جائے جو کہ وقت کی اشد ضرورت بھی ہے،
کانفرنس میں ملتان سے آئے ہوئے مشہور نعت خواں حافظ عبدالشکور ربانی برادران نے اپنے کلام سے سحر کا سماع باندھ دیا اور کانفرنس کا پنڈال نعروں سے گونجتا رہا،
علاوہ ازیں کانفرنس سے مولانا نذیر احمد حیدری، مولانا فیصل سندھی، مفتی حسن عتیق، مولانا عدنان حیدری اور حافظ محمد عمیر مسعود نے خطاب کیا،
کانفرنس میں سنی رابطہ کونسل تعلقہ ڈگری کے رہنماء رئیس نواز لغاری، قاری محسن فاروقی، سائیں اسداللہ نوحانی، سائیں خادم حسین نوحانی، زاہد عمران، اصغر حسینی سمیت عہدیداروں اور کارکنوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی،
کانفرنس انتظامیہ نے فول پروف سیکیورٹی مہیا کرنے پر ایس ایس پی میرپورخاص، ڈی ایس پی ڈگری اور ایس ایچ او ڈگری آفتاب رند کا شکریہ ادا کیا۔