November 17, 2026

تبصرہ کتب مبصر: خالد نجیب خان درود پڑھتے ہوئے : نعتیہ مجموعہ شاعر : علی رضا

IMG-20250626-WA0256(1)

تبصرہ کتب
مبصر: خالد نجیب خان

درود پڑھتے ہوئے : نعتیہ مجموعہ
شاعر : علی رضا
ناشر :دھنک مطبوعات لاہور
اِس بات میں تو کوئی بحث ہے ہی نہیں کہ رسول اللہﷺ کی ثنا بیان کرنے کی سعادت حاصل ہو جانا عبادت ہی ہے۔خوش نصیب ہوتے ہیں وہ لوگ جو اپنے قلم یا اپنی زبان سے حبیب خداﷺ کی ثنا بیان کرنے کی سعادت حاصل کرتے ہیں۔اِس سے بڑی سعادت یہ ہے کہ کسی شخص کو بیک وقت اپنی زبان کے ساتھ ساتھ اپنے قلم سے بھی ثنائے مصطفیﷺ بیان کرنے کا موقع مل جائے۔ جناب محمد علی ظہوری قصوریؒ جناب حفیظ تائبؒ جناب مظفر وارثیؒ اور جناب منظور الکونین سے براہ راست فیض پانے والے علی رضا خان المعروف علی رضا آج سے 40 سال پہلے اپنے دور طالب علمی میں ہی بطور نعت خواں مشہور ہو گئے تھے۔ پھر انہوں نعت گوئی بھی شروع کردی ۔اب تک مختلف وقفوں سے اُن کے تین نعتیہ مجموعے منصہ شہود پر آ چکے ہیں جن میں سے ایک پنجابی نعتوں پر مشتمل ہے جبکہ اِن میں سے دو نعتیہ مجموعوں کو وزارت مذہبی امور حکومت پاکستان اور بعض نجی اہم اداروں کی طرف سے سراہتے ہوئے ایوارڈز دئیے جا چکے ہیں۔حال ہی میں اُن کا چوتھا نعتیہ مجموعہ درود پڑھتے ہوئے موصول ہوا جسے دھنک مطبوعات اردو بازار لاہور نے شائع کیا ہے۔
نعتیہ مجموعہ ہو یا کوئی اور ادبی فن پارہ اُس کے معیار کا اندازہ اُس میں شامل بڑے بڑے ناموں کے تبصروں سے ہو جاتا ہے۔کتاب زیر نظر میں ڈاکٹر خورشید رضوی نے اُن کے بارے میں لکھا ہے کہ علی رضا کے ہاں نعت گوئی کی اساس سچے جذبے اور گہرے اخلاق پر استوار ہے۔
انور جمال نے لکھا ہے کہ آج کی نعت جس شعری پیرائے کا تقاضا کرتی ہے،وہ بھی اِس کے کلام میں موجود ہے۔ علاوہ ازیں نعت نگار کی طبع جس طرح حلیم اور گداز ہونی چاہیے وہ نعت بھی علی رضا کو میسر ہے۔
ڈاکٹر توصیف تبسم نے لکھا ہے علی رضا کی یہ نعتیں اِس لائق ہیں کہ ان کو عقیدت کے زیر سایہ دل کی آنکھوں سے پڑھا جائے۔
ڈاکٹر اسد اریب نے لکھا ہے یہ طرزِ سخن یہ ہالۂ نور جس عمدگی سے آپ نے سجایا ہے،آپ کے کمالاتِ سخن کو داد دینے کو جی چاہتا ہے۔
ڈاکٹر ریاض مجید لکھتے ہیں علی رضا نے موثر نعت کی متداول اور مستعمل شعری زمینوں کو نظر انداز کر کے حضور اکرمﷺ سے اپنی عقیدت و محبت کے اظہار کے لیے نسبتاً تازہ زمینوں کو برتا ہے۔
ڈاکٹر محمد امین نے لکھا ہے کہ علی رضا کی ہر نعت عقیدت سے مامور ہے مگر آداب کا سلیقہ بھی ساتھ ہے۔ صبیح رحمانی کے نزدیک علی رضا کی نعت میں وہ سب موضوعات ملتے ہیں جنہیں اردو شعرا اپنی نعت میں اپنے اظہار کا وسیلہ بناتے رہے ہیں ۔
سید تابش الوری کا خیال ہے کہ اُن کی نعتیہ شاعری میں جو پختگی ، سلاست سادگی روانی اور شائستگی ہے،اُس نے اُن کی عقیدت مندی اور عاجزی و انکساری کے اظہار کو مزید دل نشین بنا دیا ہے۔
رضا اللہ حیدر کا کہنا ہے کہ اِن کی نعتوں میں مدینہ طیبہ کی یادوں کی مہک رچی ہوئی ہے وہ تخیل کی آنکھ سے روزہ رسولﷺ کے دیدار میں مگن رہتے ہیں ۔
واصف سجاد نے لکھا ہے،علی رضا اپنے قاری اور سامع کو مرعوب نہیں کرتا بلکہ رحمت اللعالمین کی بے پایاں رحمت اور محبت کا پیغام ایسے دلنشی کلام کی صورت میں پہنچاتا ہے کہ آنکھیں بے اختیار نم ہو جاتی ہیں۔
کتاب زیر نظر کی فہرست میں 92 حمد و نعت درج ہیں مگر کسی بھی نمبر کی بجائے مختصر درود پاک درج ہے ۔رسول اللہﷺ سے عقیدت کا یہ انداز اِس سے پہلے کم ہی کسی کتاب میں دیکھنے میں آیا ہے۔
ہارڈ کور کی بائنڈنگ کے ساتھ سفید آفسٹ کاغذ پر شائع شدہ 180 صفحات پر مشتمل اِس کتاب کا ٹائٹل آنکھوں اور دل کو تسکین دینے والا ہے جو ہمدان خالد کی تخلیق ہے۔مبلغ ایک ہزار روپے کے عوض اندرون ملک اور بیرون ملک مبلغ 10 ڈالر کے عوض یہ شعری مجموعہ دھنک مطبوعات اردو بازار لاہور سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔

۰۰۰۰

۰۰۰