بہاولنگر۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔سیلاب کے اندھیروں میں روشنی کے چراغ سلیوٹ ریسکیو 1122 بہاولنگرپنجاب آج ایک کڑی آزمائش سے گزر رہا ہے۔ پانی کی بے رحم موجیں بستیاں بہا لے گئی ہیں، کھیت کھلیان مٹی میں مل گئے ہیں،
بہاولنگر۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔سیلاب کے اندھیروں میں روشنی کے چراغ
سلیوٹ ریسکیو 1122 بہاولنگرپنجاب آج ایک کڑی آزمائش سے گزر رہا ہے۔ پانی کی بے رحم موجیں بستیاں بہا لے گئی ہیں، کھیت کھلیان مٹی میں مل گئے ہیں، درخت جڑوں سمیت اکھڑ گئے ہیں، لوگوں کے گھر اجڑ گئے اور جانور بھی بہہ گئے۔ ہر طرف ایک ہی منظر ہے: تباہی، بربادی اور چیخ و پکار۔ مگر ان اندھیروں میں ایک روشنی ہے، امید کا چراغ ہے، اور وہ ہیں ہمارے ریسکیو اہلکار۔
یہ وہ لوگ ہیں جو اپنی نیند، اپنا سکون، اپنی جان تک بھول کر دوسروں کے لیے جیتے ہیں۔ جب پانی دیواروں کو توڑتا ہے، چھتیں ڈوب جاتی ہیں، مائیں اپنے بچوں کو بانہوں میں جکڑ کر مدد کے لیے پکارتیں ہیں، تب یہ جوان موت کو للکارتے ہوئے آگے بڑھتے ہیں۔ کشتیاں بھنور میں ڈال کر وہ اس راستے پر نکلتے ہیں جس پر ہر قدم خطرہ ہے، ہر سانس موت کی دہلیز پر کھڑا ہے۔ مگر ان کے دلوں میں خوف نہیں، صرف ایک جذبہ ہوتا ہے: انسانیت بچانے کا۔
کبھی وہ کسی بچے کو اپنے سینے سے لگا کر محفوظ جگہ پہنچاتے ہیں، کبھی کسی بوڑھی ماں کو کندھے پر اٹھا کر پانی کے دھاروں سے نکالتے ہیں۔ ان کے ہاتھ چھلنی ہیں، جسم تھکاوٹ سے ٹوٹ رہے ہیں، مگر حوصلہ اب بھی سلامت ہے۔ ان کی آنکھوں میں نیند نہیں مگر آنسو ہیں اس درد کے جو وہ دوسروں کی آنکھوں میں دیکھتے ہیں۔
ریسکیو کے یہ سپاہی دراصل ہمارے عہد کے اصل ہیرو ہیں۔ یہ میدانِ جنگ کے وہ مجاہد ہیں جو بندوق نہیں بلکہ اپنی جان کو ہتھیار بناتے ہیں۔ یہ وہ چراغ ہیں جو اندھیروں میں جلتے ہیں تاکہ انسانیت زندہ رہ سکے۔ یہ تمغہ جرات کے حقیقی حقدار ہیں۔
آج جب پنجاب کی زمین پانی میں ڈوب رہی ہے، یہ اہلکار ہمیں یاد دلا رہے ہیں کہ اصل طاقت نہ تخت میں ہے، نہ تاج میں
اصل طاقت خدمت میں ہے، قربانی میں ہے، اور دوسروں کے لیے جینے میں ہے۔
آئیے ان چراغوں کو سلام کریں۔ یہ ہماری آنکھوں کی روشنی ہیں، ہمارے دلوں کے حوصلے ہیں، اور ہماری امید کے محافظ ہیں۔