ماحولیاتی چیلنجز اور ہماری قومی ذمہ داریاں خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف
ماحولیاتی چیلنجز اور ہماری قومی ذمہ داریاں
خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف
دنیا اس وقت جس سب سے بڑے خطرے کا سامنا کر رہی ہے وہ ماحولیاتی مسائل ہیں۔ کرۂ ارض کے درجہ ء حرارت میں اضافہ، جنگلات کی کٹائی، قدرتی وسائل کا بے دریغ استعمال، آلودگی اور گلوبل وارمنگ نہ صرف انسانوں بلکہ تمام جانداروں کی بقاء کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ پاکستان بھی ان مسائل سے بری طرح متاثر ہے اور یہاں کے عوام کے لیے یہ چیلنج مزید سنگین صورت اختیار کرتا جا رہا ہے۔
اگر ہم موجودہ ماحولیاتی چیلنجزکا جائزہ لیں تو اس حوالے سے کہا جاسکتا ہے۔
درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ، بارشوں کے غیر متوازن سلسلے اور خشک سالی ہماری زراعت اور معیشت پر براہِ راست اثر ڈال رہے ہیں۔
فضائی، زمینی اور آبی آلودگی ہمارے شہروں اور دیہاتوں میں عام ہے۔ صنعتی فضلہ اور پلاسٹک کے استعمال نے ماحول کو زہر آلود کر دیا ہے۔ اسی طرح
تیزی سے بڑھتی آبادی کے باعث درختوں کی کٹائی اور جنگلات کی بربادی نے ماحولیاتی توازن بگاڑ دیا ہے۔
پانی کے ذخائر میں کمی اور دریاؤں میں گندگی ڈالنے کے باعث صاف پانی کی قلت ایک بڑا مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔ دوسری طرف گلوبل وارمنگ کے نتیجے میں سیلاب، شدید گرمی، ہیٹ ویو اور طوفان کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان کے مختلف علاقے حالیہ برسوں میں اس کا عملی تجربہ کر چکے ہیں۔
اس صوتحال کے تناظر میں
ماحولیاتی چیلنجز کا مقابلہ صرف حکومت کی نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ لہذا ہمیں اجتماعی طور پر شجرکاری مہمات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔ ہر شہری کم از کم سال میں ایک پودا ضرور لگائے۔
پانی، بجلی اور گیس کے استعمال میں احتیاط اور بچت ہمارے قومی فرائض میں شامل ہے۔صنعتی اداروں کو چاہیے کہ فضلہ تلف کرنے کے جدید اور محفوظ طریقے اپنائیں۔ عوام کو پلاسٹک بیگ کے استعمال کو ترک کرنا چاہیے۔تعلیمی ادارے اور سماجی تنظیمیں ماحولیاتی مسائل کے بارے میں آگاہی پھیلائیں تاکہ عام آدمی اپنی ذمہ داری کو سمجھ سکے۔ مزیدبرآں حکومت نے ماحولیات کے تحفظ کے لیے قوانین بنائے ہیں لیکن ان پر سختی سے عملدرآمد ضروری ہے۔ عوام کو بھی اس حوالے سے تعاون کرنا ہوگا۔سورج، ہوا اور پانی سے توانائی حاصل کرنے والے منصوبوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ہم ماحول دوست ملک بن سکیں۔
ماحول ہماری زندگی کا بنیادی حصہ ہے۔ اگر ہم اپنے ماحول کو نظر انداز کریں گے تو نہ صرف موجودہ بلکہ آنے والی نسلیں بھی خطرات سے دوچار ہوں گی۔ قومی ذمہ داری کا تقاضا یہ ہے کہ ہم سب مل کر اپنے اردگرد کے ماحول کو محفوظ اور صاف ستھرا بنائیں۔ ماحولیاتی چیلنجز پر قابو پانا مشکل ضرور ہے مگر اگر ہم سنجیدگی، عزم اور یکجہتی کے ساتھ قدم اٹھائیں تو ایک خوشحال اور محفوظ پاکستان تشکیل دے سکتے ہیں۔