*جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کا سیلاب متاثرین کے لئے قائم امدادی کیمپ کا دورہ*
*جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کا سیلاب متاثرین کے لئے قائم امدادی کیمپ کا دورہ*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے گزشتہ روز دفتر مشیر امور طلبہ کے زیر اہتمام جامعہ کراچی میں سیلاب متاثرین کے لئے قائم پانچ روزہ امدادی کیمپ کا دورہ کیا اور رضاکار طلبہ، اساتذہ، اور عملے سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے متاثرین کے لئے جمع کی جانے والی اشیاء کا جائزہ لیا اور امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والوں کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ یہ کیمپ جامعہ کراچی کے طلبہ، اساتذہ، اور انتظامیہ کی انسانیت دوستی اور خدمت خلق کا عملی نمونہ ہے۔ آج ہمارے بھائی بہن سیلاب کی تباہ کاریوں کا سامنا کر رہے ہیں، ایسے میں ہماری اخلاقی اور قومی ذمہ داری ہے کہ ہم ان کی مدد کے لئے ہر ممکن قدم اٹھائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جامعہ کراچی نہ صرف علم و تحقیق کا مرکز ہے بلکہ قومی بحرانوں میں بھی اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی نبھاتی آئی ہے۔ کیمپ میں خشک راشن، کپڑے، ادویات، اور دیگر ضروری اشیاء جمع کی جا رہی ہیں، جنہیں پانچ روزہ کیمپ کے اختتام پر ایدھی فاؤنڈیشن کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں بھجوایا جائے گا۔ وائس چانسلر نے کیمپ میں موجود رضاکاروں سے ملاقات کر کے ان کے جذبے کو سراہا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے جامعہ کے تمام شعبہ جات سے اپیل کی کہ وہ اس نیک کام میں بھرپور حصہ لیں تاکہ زیادہ سے زیادہ متاثرین تک مدد پہنچائی جا سکے۔