جھنگ میں دو ڈمپر ٹرکوں میں تصادم، ایک الٹ گیا ، بڑا حادثہ ٹل گیا
جھنگ میں دو ڈمپر ٹرکوں میں تصادم، ایک الٹ گیا ، بڑا حادثہ ٹل گیا
جھنگ () جھنگ بائی پاس ٹوبہ روڈ پر کراسنگ کے دوران دو ڈمپر ٹرک آپس میں ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں ایک ٹرک الٹ گیا۔ حادثے کے بعد ٹرک کے فیول ٹینک سے تیل بہنا شروع ہو گیا جبکہ وائرنگ سے چنگاریاں اٹھنے لگیں جس سے آگ بھڑکنے کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا۔ریسکیو 1122 کے مطابق ایک ٹرک جھنگ سے ٹوبہ کی سمت جا رہا تھا جبکہ دوسرا ڈمپر گوجرہ روڈ کی طرف سے آ رہا تھا۔ بائی پاس چوک پر تیز رفتاری اور لاپرواہی کے باعث تصادم ہوا جس میں ایک ٹرک الٹ گیا۔ متاثرہ ٹرک میں روڈ کنسٹرکشن کمپنی کی تارکول ملی بجری لوڈ تھی۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ایمبولینس اور فائر وہیکل موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بیٹری کا کنکشن منقطع کیا، فیول لیکیج کو کنٹرول کیا اور بڑے سانحے کو ٹال دیا۔ حادثے میں ایک شخص زخمی ہوا جسے موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔
زخمی کی شناخت دلاور ولد خضر حیات عمر 28 سال، رہائشی لالیان سرگودھا روڈ کے طور پر ہوئی ہے۔ اسے فرسٹ ایڈ دینے کے بعد گھر روانہ کر دیا گیا۔
ریسکیو ٹیم کی بروقت کارروائی سے ایک بڑے حادثے اور ممکنہ جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔