مری (راجہ نورالہی عاطف سے) چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن ڈسٹرکٹ خوشاب رانا شبیر احمد صابری نے کہا ہے کہ وطن عزیز اسلامی جمہوریہ ء پاکستان کے
مری (راجہ نورالہی عاطف سے) چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن ڈسٹرکٹ خوشاب رانا شبیر احمد صابری نے کہا ہے کہ وطن عزیز اسلامی جمہوریہ ء پاکستان کے قیام کے لیے ہمارے آبا و اجداد نے لازوال قربانیاں دیں ۔ اب اس کی تعمیر و ترقی کے لیے ہمیں من حیث القوم اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب بوائے سکاؤٹس کے زیر اہتمام گھوڑا گلی مری میں جشن آزادی کی مناسبت سے منعقدہ پروقار تقریب سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جس میں پنجاب بھر سے سکاؤٹس نے بھرپور شرکت کی ۔ انہوں نے کہا کہ بابائے قوم حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں ہمارے قومی ہیروز نے دو قومی نظریہ کے تحت برصغیر کے مسلمانوں کو متحد کرنے میں بھرپور کردار ادا کیا ۔ جس پر انہیں جتنا بھی خراج تحسین پیش کیا جائے کم ہے ۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ حصول علم کے لیے اپنی تمام تر توجہ مرکوز رکھیں کیونکہ انہوں نے بڑے ہو کر ملک و ملت کی باگ ڈور سنبھالنی ہے ۔رانا شبیر احمد صابری نے کہا کہ طلباء کو سکاؤٹنگ میں بھی بھرپور دلچسپی لینی چاہیے کیونکہ سکاوٹنگ خدمت خلق، دوسروں کی تکالیف کو اپنی تکلیف سمجھنا ،بے لوث عوامی خدمت اور مونس و غمخواری کا نام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی ا کے فضل و کرم سے میں زمانہ ء طالب علمی ہی سے سکاؤنٹنگ کے ساتھ وابستہ ہوں اور اس فورم سے مخلوق خدا کی خدمت کر کے مجھے دلی سکون ملتا ہے اور اب میرے اپنے بچے بھی بہترین سکاؤٹس ہیں ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن ڈسٹرکٹ خوشاب نے کہا کہ معماران قوم، نونہالان وطن کہ ہم جہتی تعلیم و تربیت کے لیے ہرگز کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کریں ۔