انتخاب : ناظمہ ایاز آپ لوگوں نے اکثر نوٹ کیا ہوگا کہ کچھ لوگوں کو کسی کام یا کاروبار میں مسلسل نقصان ہو رہا ہوتا ہے۔۔
انتخاب : ناظمہ ایاز
آپ لوگوں نے اکثر نوٹ کیا ہوگا کہ کچھ لوگوں کو کسی کام یا کاروبار میں مسلسل نقصان ہو رہا ہوتا ہے۔۔ ان کے ساتھ بدقسمتی کا اینٹ کتے کا بیر ہوتا ہے۔۔جتنا مرضی محنت کریں۔۔لیکن نتیجہ صفر نکلتا ہے۔۔سمجھدار لوگوں کو اشارہ کافی ہوتا ہے ایسی صورت حال میں وہ نقصان دینے والا کام چھوڑ کر دوسرا شروع کردیتے ہیں البتہ کچھ لوگ چمٹے رہتے ہیں اور ٹھیک ٹھاک پریشانی اٹھانے کے بعد تھک ہار کے مجبورا دوسرا کام شروع کرتے ہیں۔
میرے بچپن کا ایک واقعہ ہے ایک رشتےدار خاتون کو مرغیاں پالنے کا بہت شوق تھا ۔۔انہوں نے دو تین مرغیاں خرید کر کاروبار کا آغاذ کیا ۔ساتھ میں ان کی بدقسمتی نے بھی کمر کس لی۔۔مرغیوں کی نگہبانی کے لیے ایک عدد مرغا بھی لے آئیں۔۔
۔یہ مرغا بڑا ظالم اور مار کٹائی کا شوقین تھا ۔۔ مرغیوں کی جم کر پٹائی لگاتا اور ایسا سفاک تھا کہ تینوں مرغیوں کو مار مار کر ادھ موا کردیتا ۔کسی ایک سے بھی لگاو نہ رکھا ان کے سر کے بال تک نوچ لیے ۔جب ان خاتون نے دیکھا کہ یہ وحشی مرغا کسی صورت امن پسندی کی طرف مائل نہیں۔انہوں نے مرغا ذبح کرادیا اور وہ دن مرغیوں کی زندگی کا شاندار دن ثابت ہوا ۔
اور ان کی خوشی دیکھنے والوں کو بھی واضح محسوس ہورہی تھی۔۔
چند دن گزرے انہوں نے میکے جانے کی ٹھانی اور تین مرغیوں کی تیاری بھی ساتھ میں متوقع تھی کیونکہ یہ اپنے میکے جا کر ان کی تعداد بڑھا کر لانا چاہتی تھی اس نیک مقصد کے لیے انہوں نے دو درجن کے قریب انڈے بھی لے لیے تھے۔۔اب ہوا یوں کہ جس بس سے یہ اپنے گاوں کو روانہ ہوئیں ۔کنڈکٹر نے مرغیوں والی باسکٹ کو بس کے انجن والی جگہ پر رکھ دیا ۔۔اور جب یہ اپنے گاوں پہنچیں دو مرغیاں انجن سے نکلنے والی ہیٹ کو برداشت نا کرپائیں اور گھر پہنچنے تک جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔ایک سخت جان تھی غالباً بچ گئی۔
۔آنٹی سخت کبیدہ خاطر ہوئیں اور اب ان کی امیدوں کا مرکز ایک مرغی بچی تھی۔۔ڈیڑھ دو مہینے بعد جب یہ واپس آئیں ایک مرغی اور ایک درجن کے قریب چوزے اس کے ہمراہ اور آنٹی اس اضافے پر بہت خوش تھیں ۔۔صبح و شام ان چوزوں کی خدمت میں جت گئیں ۔جب مرغی نے دیکھا کہ یہ محترمہ ان کے بچوں کی ماں بن چکی ہیں اور مرغی کی کوئی خصوصی ذمے داری نا رہی تو یہ بچوں کو وہ بنیادی چیزیں سکھانے سے بھی غفلت برتنے لگی جو آنٹی کسی صورت نا سکھا سکتی تھیں ۔۔۔جیسا کہ جمپ لگا کر دیوار کے ساتھ جڑے درختوں پر چڑھنا ۔۔یا تمیز سے کھانا سکھانا ۔۔دو تین چوزوں نے اتنا کھایا کہ بدہضمی کا شکار ہو کر مر گئے ۔
گرمیوں کے دن تھے چوزے اب چھوٹے چھوٹے مرغے مرغیوں میں بدل چکے تھے ۔باقی ہمسایوں کی مرغیاں بھاگ کر ایک چھلانگ لگاتیں ۔اور فلاینگ کرتے ہوے درختوں پر چڑھ کر بیٹھ جاتیں۔ اب آنٹی چاہتی تھیں ان کی مرغیاں بھی اس محفوظ جگہ پر بیٹھیں لیکن ان مرغیوں کی ہمت نا پڑتی ۔
۔آخر کار ایک دن آنٹی نے چوزوں کی والدہ محترمہ کو ہاتھوں سے اٹھا کر اوپر پھینکا مرغی بدحواس ہوکر روتی پیٹتی ایک درخت پر براجمان ہوگئی اب ماں کی دیکھا دیکھی چوزوں کو بھی باری باری آنٹی نے پھینکا یہ درخت پر جا بیٹھے۔۔بڑے خوش ہوے اور دوسرے دن اوور کانفیڈینٹ ہوکر خود ہی سب نے چھلانگیں لگا دیں چند ایک تو خوش قسمتی سے بچ گئے باقی سب دیوار کے پار جھاڑیوں میں جا گرے ۔جہاں کتے بلیاں اس دعوت کے منتظر تھے۔۔
آنٹی کے گھر سے باہر نکلتے تک یہ پانچ چوزے لقمہ اجل بن چکے تھے۔۔ان کو بڑا صدمہ ہوا ۔باقی جو رہ گئے ان کو اگلے دن درخت پر پھینکنے کی پریکٹس منسوخ کرکے دڑبے میں بند کردیا ۔۔اُدھر بلیوں کے منہ کو لہو لگ چکا تھا اور وہ آنٹی کی طرف سے کسی غلطی کے انتظار میں تھیں۔
۔اور وہ دن بہت جلد آن پہنچا ۔۔اس دن بلی آنٹی سے نظر بچا کر دڑبے میں چھپ کر بیٹھ گئی ۔۔شام ہوتے ہی آنٹی نے مرغی کو دڑبے میں بند کر دیا اور بچوں کو دوسری جگہ منتقل کیا کیونکہ بارش کی وجہ سے دڑبہ تھوڑا لیک ہو رہا تھا ۔۔ادھر مرغی اپنے ساتھ موت کے فرشتے کو قید پاکر بڑا چِلائی بہتریے ہاتھ پاوں مارے لیکن آنٹی نے پلٹ کر نا دیکھا یہی سمجھا کہ بچوں کی جدائی پر پریشان ہے۔
بلی ساری رات آرام آرام سے مرغی کو کھاتی رہی اور بارش کو انجواے کرتی رہی ۔صبح جب جا کے دڑبے کا دروازہ کھولا ۔۔مرغی کی بجاے بلی نکلی اور وہ بھی مٹک مٹک کر۔۔ ظاہر ہے دو ڈھائی کلو کی مرغی ایک رات میں کھانا آسان کام بھی تو نہیں۔۔آنٹی کی تو روح فنا ہوگئی فورا سے دڑبے میں جھانکا جہاں مرغی کے پر بچے پڑے تھے بس۔۔یہ سیخ پا ہو کر بلی کی طرف پلٹیں ۔۔
۔۔لیکن بلی تب تک کسی کریانہ سٹور سے پیپسی یا کوک پینے جا چکی تھی۔۔کیونکہ ہاضمہ بھی تو کرنا تھا۔۔اب باقی بچ گئے تین چار چوزے ان کی امیدکا آخری سہارا تھے۔۔بدقسمتی نے اب آخری وار یوں کیا کہ یہ چاروں کے چاروں مرغے نکلے تھے ۔
۔آنٹی کو پولٹری سے ملنے والا یہ آخری صدمہ ثابت ہوا ۔ یہ گھر میں کم اور ہمسایوں کی مرغیوں کے پاس زیادہ پاے جاتے۔۔اس سے پہلے کہ یہ مرغے ہمسایوں کے گھر داماد جا بنتے ۔۔آنٹی نے ان چاروں کو قصائی کےہاتھ بیچ دیا اور مرغیاں پالنے سے توبہ کرلی.