November 17, 2026

*اگست 17 کے حادثے کے پس منظر میں ایک یادگار کہانی*

IMG-20250704-WA0228(1)

*اگست 17 کے حادثے کے پس منظر میں ایک یادگار کہانی*

یہ بات 1985 کی ہے کہ چند مہینوں کیلیے میری پوسٹنگ چکدرہ قلعےمیں چترال اسکاٶٹس کے ایک ونگ ہیڈ کوارٹر میں ہوگٸی ۔ وہاں کا ونگ کمانڈر میجر رینک کا ایک بہت ہی نفیس آفیسر تھا جو سیالکوٹ شہر کے رہنے والے تھے اور وہیں کے ایک شہرہ آفاق ہاکی کے کھلاڑی کے بہنوٸی بھی تھے ۔ میں افسر کا نام لکھنا مناسب نہیں سمجھتا کیونکہ مجھے اب یہ بھی معلوم نہیں کہ وہ حیات ہیں یا وفات پا چکے ہیں ۔ میں دوسال سروس والا جونیٸر کیپٹن تھا اور وہ 20 سال نوکری والے سینیر میجر صاحب مگر غیر متوقع طور پر بہت شفقت اور محبت سے ملتے تھے ۔ ان دنوں مجھ پر مزید پڑھاٸی کا خبط سوار تھا کہ ایف سی پی ایس کرکے اسپیشلسٹ پول میں چلا جاوں ۔ اس لئے میں سردیوں کی ٹھنڈی راتوں میں مٹی کے تیل کا ہیٹر جلا کر پڑھتا رہتا اور طلب ہوتی تو اکثر میس کے کچن میں رات کو خود ہی چاٸے بنانے چلا جاتا ۔
میجر صاحب آدھی رات کو سخت سردی میں بھی قلعے کے اندر چہل قدمی کرتے نظر آتے ۔ بہت دنوں تک میں یہ دیکھتا رہا تو سوچا کہ وہ ضرور کسی پریشانی کی وجہ سے ہی راتوں کو جاگتے ہیں ۔ رجمینٹل میڈیکل افسر ہونے کے ناطے میں نے پوچھ ہی لیا کہ سر آپ رات کو اکثر جاگتے نظر آتے ہیں خیریت تو ہے ۔ میری طرف دیر تک دیکھتے رہے اور بولے کہ ڈاکٹر مجھے نیند نہیں آتی ۔ سوتا ہوں تو ڈر کے اٹھ جاتا ہوں ۔ میں نے کہا سر چاہیں تو اپنی پریشانی مجھ سے شیٸر کر سکتے ہیں ۔ شاید میں کوٸی مشورہ دے سکوں ۔ وہ چپ رہے اور اٹھ کر چلے گٸے ۔
دو تین دن بعد رات کو میں حسبِ معمول اپنے روم میں پڑھاٸی میں مشغول تھا تو وہ میرے کمرے میں آگٸے ۔ کہنے لگے ڈاکٹر صاحب کیا ہم بات کرسکتے ہیں ۔ میں نے کتابیں بند کردیں ۔ کہنے لگے سروس کے دوران مجھ سے کچھ ایسے کام ہوٸے ہیں جن کے پچھتاوے اور بازگشت نے مجھ سے میری نیندیں چھین لی ہیں ۔ کوٸی نماز ۔ کوئی تہجد ۔ کوئی تنہائی کی معافیاں سکون نہیں دیتیں ۔ دواٸی تجویز ہی کردیں کہ مجھے نیند آنے لگے ۔ میرے بنا پوچھے ہی میجرصاحب نے جنرل ضیاءالحق کے مارشل لا کا ذکر چھیڑ دیا ۔ ان دنوں وہ ملتان میں انٹیلیجنس یونٹ میں نوکری کررہے تھے اور مارشل لا کے مخالفین کیلیے خوف کی علامت کے طور پر جانے جاتے تھے ۔ سیاسی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کیلیے انکے گھر میں قومی اور ملکی مفاد کے خلاف چھپے پمفلٹ پھنکوا کر چھاپہ مارتے اور پھر ان کو سبق سکھانے کیلیے کوڑوں تک کی سزا ہو جاتی ۔ بہت سے لوگوں کو کوڑے پڑتے وقت انکے چیخنے چلانے کی آوازیں وہ خود بھی سنتے رہے تھے ۔
کہنے لگے میں جب سے چترال اسکاٶٹس آیا ہوں تو فیملی کو سیالکوٹ چھوڑ کر ان کے بغیر اکیلا ہی رہتا ہوں ۔ میرے غلط کاموں کی وجہ سے فوج میں پروموشن بھی نہیں ہوا ۔ اب ریٹاٸرمنٹ میں بس تین سال رہ گٸے ہیں تو پریشانیاں بڑھنے لگی ہیں ۔ طاقت اور اختیارات کا بھوت اتر چکا ہے ۔ ہر وقت سوچتا رہتا ہوں کہ میں نے کیا پایا ہے کیا کھویا ہے ۔ نیند آتی نہیں ہے ۔ آنکھیں بند کرتا ہوں تو ان لوگوں کی چیخیں سناٸی دیتی ہیں جن کے ساتھ ملتان میں زیادتیاں کیں اور ان بےگناہوں کو صرف سیاسی مخالفت پر کوڑوں کی سزاٸیں دلواٸی تھیں ۔ اب تو میں کسی سے معافی بھی نہیں مانگ سکتا ۔ نہ جانے کون کہاں ہوگا کس حال میں ہوگا ۔ میں تو انکو جانتا بھی نہیں تھا ۔ سمجھ نہیں آتا کیا کروں ۔ بس اپنے کیے کی بازگشت جینے نہیں دیتی ۔
میجر صاحب کی آواز باتیں کرتے کرتے بھرا گٸی تو وہ چپکے سے اٹھ کر چلے گٸے ۔ میں تو ہکا بکا ہی بیٹھا رہا کہ کیا مشورہ دوں اور شاید انکو میرے کسی مشورے کی ضرورت تھی بھی نہیں ۔ شاید وہ صرف اپنے گناہوں کا اعتراف کرکے اپنا من ہلکا کرنے آٸے تھے ۔
میرے لیے تو یہ سب کچھ ایک سبق تھا ۔ جب تک وردی میں رہا کوشش ضرور کی کہ کسی کے ساتھ زیادتی نہ کروں ۔ باقی اندر کا حال تو خدا جانتا ہے مگر اتنا اللہ کا کرم ضرور ہے کہ رات کو بستر پر لیٹوں تو دوسری صبح بیگم کے طعنے سننے پڑتے ہیں کہ کیا سارے ریٹاٸرڈ فوجی یونہی گھوڑے بیچ کر سوتے ہیں ۔
جنرل ضیاءالحق کا مارشل لا تو بہت دور کی بات ہے مگر پچھلی دو دہاٸیوں سے خلقِ خدا کے ساتھ جو کچھ ہوتے دیکھا اور سنا ہے اس حساب سے تو سول بیوروکریٹس ہوں ۔ نیلی پیلی کالی وردی والے افسر ہوں ۔ عدلیہ کے جج ہوں ۔ کالے کوٹ والے وکیل ہوں ۔ سفید کوٹ والے ڈاکٹر ہوں ۔ ذخیرہ اندوز اور ٹیکس چور بزنس مین یا حرامخور دو نمبری سیاستدان ۔ اگر ان میں سے کسی کا ضمیر زندہ ہے اور اسے اپنے گناہوں کی باز گشت سناٸی دیتی ہے تو مرتے دم تک انکو نیند بالکل نہیں آنی چاہیے ۔
یقینا راتیں تو ان سب کی اب بھی جاگتے ہی گزرتی ہیں مگر اس کا سبب بھوکی خلقِ خدا ۔ مظلوموں کی چیخیں ، بے بس لوگوں کی آہ و بکا یا انکے اپنے گناہوں کی سناٸی دیتی بازگشت نہیں بلکہ راتوں میں انکے اپنے ہفتہ وار کالے کرتوت ہیں ۔
وَاللہُ اَعلَمُ بِالصَّواب
*خاک سا خاکی*