عمرکوٹ رپورٹ ڈاکٹر ایم لال واگھانی بیوروچیف تحصیل سامارو بجٹ میں تاخیر، عوام پریشان – ذمہ دار کون؟
عمرکوٹ رپورٹ ڈاکٹر ایم لال واگھانی بیوروچیف
تحصیل سامارو بجٹ میں تاخیر، عوام پریشان – ذمہ دار کون؟
عمرکوٹ: کی تحصیل سامارو ایک بار پھر بجٹ کی تاخیر کا شکار ہو گیا ہے۔ ضلع عمرکوٹ کی دیگر تمام تحصیلوں میں بجٹ پیش کیا جا چکا ہے، مگر بدقسمتی سے سامارو کے عوام کو حسبِ روایت اس سال بھی بجٹ کے انتظار میں رکھا جا رہا ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر سامارو کے تمام مسائل حل ہو چکے ہیں، ترقیاتی کام مکمل ہو گئے ہیں اور شہر بنیادی سہولیات سے آراستہ ہو چکا ہے تو پھر بجٹ میں تاخیر کی کوئی وجہ نہیں بنتی۔ لیکن زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔ شہری پینے کے صاف پانی، صفائی ستھرائی، نکاسیٔ آب، اور بنیادی ڈھانچے کی کمی جیسے مسائل سے دوچار ہیں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق بجٹ کی پیشکش میں تاخیر کی ایک وجہ اندرونی اختلافات یا سیاسی رنجشیں ہو سکتی ہیں۔ حالانکہ یہ ایک حقیقت ہے کہ سامارو سے منتخب ہونے والے تقریباً تمام کونسلرز کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے ہے اور ضلع عمرکوٹ ہمیشہ پیپلز پارٹی کا گڑھ رہا ہے۔ یہاں اپوزیشن کی غیر موجودگی کے باعث کسی قسم کی مزاحمت کا سامنا بھی نہیں کرنا پڑتا۔ اس کے باوجود بجٹ میں مسلسل تاخیر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سیاسی رنجشوں اور ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر شہر کے مفاد کے لیے فوری طور پر بجٹ پیش کیا جائے اور عوام کو درپیش مسائل کا حل نکالا جائے۔ بصورتِ دیگر عوامی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا جس کی مکمل ذمہ داری مقامی قیادت اور انتظامیہ پر عائد ہوگی۔