November 17, 2026

خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان رات گئے ہونے والی بارش کے بعد وادی سون سکیسر پہنچے اور بارش سے پیدا ہونے والی

IMG-20250818-WA0276

خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان رات گئے ہونے والی بارش کے بعد وادی سون سکیسر پہنچے اور بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خوشاب فروہ عامر نے انہیں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وادی سون میں مسلسل چار گھنٹے بارش ہوئی تاہم بادل پھٹنے کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا اور نہ ہی کوئی جانی نقصان ہوا۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے کٹوائی چوک، سوڈھی اور دیگر نشیبی علاقوں کا معائنہ کیا اور بارش سے گرنے والی کٹوائی پلی کو فوری طور پر عارضی طور پر تعمیر کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے گورنمنٹ ہائی سکول سوڈھی کا بھی دورہ کیا جہاں عقبی دیوار کا کچھ حصہ منہدم ہوا تاہم عمارت مکمل طور پر محفوظ قرار دی گئی۔کمشنر نے متاثرہ املاک کا بھی جائزہ لیا اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ تمام املاک کا تخمینہ لگا کر رپورٹ حکومت کو ارسال کی جائے تاکہ متاثرہ افراد کو بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔ڈپٹی کمشنر فروہ عامر نے بتایا کہ ریسکیو 1122، ڈی ڈی ایم اے اور سول ڈیفنس کی ٹیمیں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل الرٹ ہیں اور تمام اہلکار فیلڈ میں موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نشیبی علاقوں میں امدادی سرگرمیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں، انتظامیہ سے تعاون کریں، برساتی نالوں کے قریب نہ جائیں اور اپنے بچوں کا خاص خیال رکھیں۔