سکھر (بیورو رپورٹ سید نصیر حسین زیدی)سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں و اراکین صوبائی اسمبلی نجم مرزا، جمال احمد، انیل کمار، محمد دانیال، عبدالباسط
سکھر (بیورو رپورٹ سید نصیر حسین زیدی)سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں و اراکین صوبائی اسمبلی نجم مرزا، جمال احمد، انیل کمار، محمد دانیال، عبدالباسط، فرحان انصاری، معید انور اور فیصل رفیق کے ہمراہ سکھر پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان سکھر سمیت اندرون سندھ میں اپنی سیاسی پوزیشن دوبارہ ری کلیم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ملک کے بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث 19 اگست کو ہونے والا جنرل ورکرز کنونشن اور گورنر سندھ کا دورہ ملتوی کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دریائے سندھ کے کنارے واقع سکھر جیسے بڑے شہر میں آج بھی پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی انتہائی افسوسناک ہے۔ صوبائی حکومت کراچی سے کشمور تک ہر جگہ بدانتظامی کی ذمہ دار ہے اور سندھ کا تیسرا بڑا شہر ہونے کے باوجود سکھر بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔علی خورشیدی نے کہا کہ اگر ہم حکومت کی نااہلی کو اجاگر نہیں کریں گے تو یہ میرے عہدے کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔ سکھر کے منتخب نمائندوں نے شہریوں کے مسائل پر اسمبلی میں ایک لفظ بھی نہیں بولا۔ کراچی کی طرح سکھر میں بھی اسٹریٹ کرائم حد سے زیادہ بڑھ چکا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت 25 ارب روپے سے زائد خرچ کرنے کے باوجود عوام کو کوئی ریلیف دینے میں ناکام رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ کی معیشت خراب ہوگی تو پاکستان کی معیشت بھی متاثر ہوگی۔ اگر ہم سندھ کے ساتھ وفا نہیں کریں گے تو پاکستان کے ساتھ وفا نہیں کر سکیں گے۔ میری ہر بات پر میئر سکھر کو تکلیف پہنچتی ہے، لیکن میں عوام کے حق میں بات کرتا رہوں گا۔اپوزیشن لیڈر نے سینئر صحافی خاور حسین کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صحافی بھائیوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی نااہلی اور سیپکو کی غفلت سکھر کے عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔ نیپرا کے ماتحت ڈسٹری بیوشن کمپنیاں بدترین لوڈشیڈنگ کی ذمہ دار ہیں، شہریوں کو روزانہ 16 سے 20 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کے عذاب کا سامنا ہے۔ بجلی چوری روکنا عوامی نمائندوں نہیں بلکہ کمپنیوں کی ذمہ داری ہے۔علی خورشیدی نے کہا کہ میری کوششوں سے سندھ اسمبلی میں سیپکو، حیسکو اور کے الیکٹرک کے خلاف پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ شکارپور، دادو، بدین سمیت پورے سندھ کے مسائل ہمارے ایجنڈے کا حصہ ہیں۔ صوبہ سندھ انتظامی طور پر کلیپس کر چکا ہے اور کسی بھی ادارے میں بغیر رشوت کے کوئی کام ممکن نہیں رہا۔