سکھر (بیورورپورٹ)۔سید نصیر حسین زیدی سکھر میونسپل اسٹیڈیم میں جاری “معرکہ حق فیسٹول” کے دوران سکھر سٹی کے پی ایس ٹی، جے ای ایس ٹی میرٹ پاس (40 پلس) ویٹنگ امیدواروں نے آفر آرڈرز
سکھر (بیورورپورٹ)۔سید نصیر حسین زیدی سکھر میونسپل اسٹیڈیم میں جاری “معرکہ حق فیسٹول” کے دوران سکھر سٹی کے پی ایس ٹی، جے ای ایس ٹی میرٹ پاس (40 پلس) ویٹنگ امیدواروں نے آفر آرڈرز کے حصول کے لیے گیٹ پر احتجاجی مظاہرہ کیا، بعد ازاں شرکاء نے سکھر پریس کلب کے باہر بھی دھرنا دیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ مکمل میرٹ پر پاس ہونے کے باوجود گزشتہ تین سال سے ویٹنگ میں بٹھا کر نظر انداز کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث کئی امیدوار عمر کی حد سے تجاوز (اووریج) کر چکے ہیں۔مظاہرین نے کہا کہ آفر آرڈر ہمارا آئینی و قانونی حق ہے، لیکن سندھ حکومت کی عدم توجہی سے معاشی بدحالی اور تعلیم کے شعبے میں میرٹ کا قتل عام ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ بھر میں ایس ٹی آر کے مطابق 40 ہزار سے زائد اساتذہ کی کمی ہے جبکہ بیس ہزار سے زائد اسکول بند پڑے ہیں۔ اس کے باوجود گزشتہ تین سال میں کوئی ایس این ای منظور نہیں کی گئی اور حکمت عملی وضع کرنے کے بجائے ’’پھنجا نوازی‘‘ سسٹم کے تحت 33 سے 39 مارکس والے فیل امیدواروں کو آفر آرڈرز جاری کیے گئے، جبکہ 40، 50 اور اس سے زائد مارکس لینے والے میرٹ پاس نوجوانوں کو محروم رکھا گیا۔مقررین ماجد ڈنور، محفوظ میمن اور میڈم کائنات نے واضح کیا کہ اگر سکھر سمیت سندھ بھر میں ایس این ای منظور کر کے تمام ویٹنگ امیدواروں کو آفر آرڈرز جاری نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کر دیا جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ چاہے بڑے جلسے ہوں، ایونٹس ہوں یا ریڈ زون، ہم ہر حد پار کریں گے۔ کراچی سے اسلام آباد تک پیدل مارچ کا قافلہ بھی رواں دواں ہے، جہاں دنیا بھر کو سندھ حکومت کا یہ ’’ظلم‘‘ دکھایا جائے گا۔