*بلوچستان کے 80 فیصد علاقے تاحال ہیلتھ کوریج سے محروم، سیکرٹری صحت کا انکشاف۔*
*بلوچستان کے 80 فیصد علاقے تاحال ہیلتھ کوریج سے محروم، سیکرٹری صحت کا انکشاف۔*
*کوہٹہ بلوچستان کے سیکرٹری صحت مجیب الرحمٰن پانیزئی اور صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے صحت کے شعبے کی صورتحال اور جاری اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ دی۔*
*سیکرٹری صحت نے انکشاف کیا کہ بلوچستان کے 80 فیصد علاقے اب بھی ہیلتھ کوریج سے محروم ہیں، جب کہ سرکاری اسپتالوں میں ادویات اور تربیت یافتہ عملے کی کمی جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔*
*انہوں نے کہا کہ بیسک ہیلتھ یونٹس (بی ایچ یوز) کی تعمیر پر خطیر رقم خرچ ہوتی ہے، اور موجودہ نرسنگ و پیرامیڈیکل اسٹاف کو بھی تربیت کی شدید ضرورت ہے کیونکہ “عملہ موجود ہے، مگر کام کرنا نہیں آتا۔”*
*مجیب الرحمٰن نے اعتراف کیا کہ محکمہ صحت میں مختلف پریشر گروپس فعال ہیں جو اصلاحاتی عمل میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔*
*سیکرٹری صحت نے بتایا کہ محکمہ صحت میں خالی آسامیوں پر بھرتی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور 600 سے زائد ڈاکٹرز کو کنٹریکٹ پر بھرتی کیا جا چکا ہے۔ ساتھ ہی ایمونائزیشن پروگرام کو ڈیجیٹل کر دیا گیا ہے جس کی بدولت وقت پر ڈیٹا حاصل ہو رہا ہے۔*
*انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ کا نظام بھی جدید کیا جا رہا ہے اور اب اس کارڈ کو شناختی کارڈ کی بجائے انگوٹھے کی تصدیق سے منسلک کر دیا گیا ہے۔ “ہیلتھ کارڈ کے ذریعے تمام علاج بالکل مفت فراہم کیا جا رہا ہے،” انہوں نے دعویٰ کیا۔*
*پروموشنز اور ڈاکٹرز کا مسئلہ*
*سول اسپتال کوئٹہ اور بی ایم سی اسپتال میں ڈیجیٹل فارمیسی قائم کی گئی ہے جہاں مریضوں کو چوبیس گھنٹے ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔*
*صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے بتایا کہ ماضی میں مریضوں کو دی جانے والی ادویات کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں ہوتا تھا، لیکن اب ڈیجیٹل نظام کی بدولت مکمل ریکارڈ محفوظ کیا جا رہا ہے۔*
*صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ محکمہ صحت میں کئی برسوں سے پروموشن کا عمل تعطل کا شکار رہا ہے، جس کی بڑی وجہ خود ڈاکٹرز ہیں جو کوئٹہ کے علاوہ بلوچستان کے دیگر علاقوں میں ڈیوٹی انجام دینے کو تیار نہیں ہوتے۔*