November 17, 2026

*اسلام آباد ہائی کورٹ کا ڈپٹی کمشنر کو بلوچ لاپتہ افراد کے لواحقین سے مذاکرات کا حکم۔۔۔۔۔* *اسلام آباد*

Screenshot_2025-08-04_190248

*اسلام آباد ہائی کورٹ کا ڈپٹی کمشنر کو بلوچ لاپتہ افراد کے لواحقین سے مذاکرات کا حکم۔۔۔۔۔*

*اسلام آباد*

اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیشنل پریس کلب کے باہر بلوچ لاپتہ افراد کے لواحقین کے جاری احتجاج کے تناظر میں ضلعی انتظامیہ کو فوری اقدامات کی ہدایت جاری کی ہے۔ عدالت نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو پابند کیا ہے کہ وہ مظاہرین سے فوری طور پر مذاکرات کر کے احتجاج ختم کروائیں اور متبادل جگہ کی پیشکش کریں، تاکہ شہریوں اور تاجروں کے معمولات متاثر نہ ہوں۔

چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں ایف6 پٹرول پمپ کے کاروباری نمائندوں کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ احتجاج کی وجہ سے ان کا کاروبار شدید متاثر ہوا ہے۔

عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “آپ (انتظامیہ) نے دوسرے فریق یعنی مظاہرین کے ساتھ صرف رسمی کارروائی کی، جو ناکافی ہے۔ آپ نے کاروباری طبقے کی املاک کا تحفظ کرنا ہے۔ احتجاج ایک بنیادی حق ہے لیکن اس کے لیے مخصوص قوانین اور حدود کا خیال رکھنا لازم ہے۔”

چیف جسٹس نے استفسار کیا، “کیا مظاہرین نے اجازت لی ہے؟” جس پر ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد ایاز شوکت نے بتایا کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے مظاہرہ کیا جا رہا ہے اور مظاہرین کے پاس کسی قسم کی اجازت موجود نہیں۔ مزید کہا گیا کہ انتظامیہ بارہا مظاہرین کو منتشر کر چکی ہے، لیکن وہ بار بار واپس آ جاتے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے عدالت کو یقین دہانی کروائی کہ مظاہرین سے فوری مذاکرات کیے جائیں گے اور انہیں متبادل مقام فراہم کرنے کی پیشکش کی جائے گی۔ عدالت نے ہدایت دی کہ اس حوالے سے پندرہ دن کے اندر پیش رفت کی تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے، تاہم واضح کیا کہ “پندرہ دن کا مطلب یہ نہیں کہ آپ اسی روز واپس آئیں، فوری عملدرآمد ضروری ہے۔”

درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ احتجاج کے باعث ان کا کاروبار متاثر ہو رہا ہے، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ “عدالت نے واضح ہدایات دے دی ہیں، یہ ممکن نہیں کہ ہر کام آپ کی مرضی کے مطابق فوراً ہو جائے۔

دوسری جانب انسانی حقوق کی تنظیموں اور مظاہرین نے عدالتی مؤقف پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عدالت کاروباری مفادات کو ترجیح دے رہی ہے، جبکہ احتجاج کا مقصد جبری گمشدگی جیسے ایک سنگین انسانی مسئلے کی طرف توجہ دلانا ہے۔

تنقید کی جا رہی ہے کہ عدالت کو اس بات پر سوال اٹھانا چاہیے تھا کہ ہزاروں بلوچ شہری کیسے اور کیوں لاپتہ ہوئے؟ نیز یہ بھی قابل غور ہے کہ نیشنل پریس کلب کے باہر مظاہرے کے لیے جگہ مختص ہے، پھر مظاہرین کو وہاں سے ہٹانے کی کوشش کیوں کی جا رہی ہے؟
لاپتہ افراد کے لواحقین کا کہنا ہے کہ “ریاست بلوچ کو انسان ہی نہیں سمجھتی۔ ہمیں نہ سنا جا رہا ہے، نہ دیکھا جا رہا ہے، اور اب احتجاج کا حق بھی چھینا جا رہا ہے۔۔