ٹوبہ ٹیک سنگھ رجانہ*( افضل کھیتران ڈسٹرکٹ بیورو چیف ٹوبہ ٹیک سنگھ) دوستی یا خودکشی؟ — رجانہ کے المناک واقعے نے کئی سوالات کو جنم دیا*
ٹوبہ ٹیک سنگھ رجانہ*( افضل کھیتران ڈسٹرکٹ بیورو چیف ٹوبہ ٹیک سنگھ) دوستی یا خودکشی؟ — رجانہ کے المناک واقعے نے کئی سوالات کو جنم دیا*
*قصبہ رجانہ، ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پیش آنے والا ایک اندوہناک واقعہ پورے معاشرے کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے کافی ہے۔ تین نوجوانوں کی “دوستی” ایک ایسی ناقابلِ فہم شرط پر پہنچی، جس نے دو زندگیاں نگل لیں۔ یہ سوال اب شدت سے سر اٹھا رہا ہے کہ کیا یہ سچ میں دوستی تھی یا بے وقوفی کی آخری حد؟مقامی اطلاعات کے مطابق، تین قریبی دوستوں نے آپس میں ایک انوکھی اور خطرناک شرط لگائی: جو گندم میں رکھنے والی زہریلی گولی کھائے گا، وہی “سچا دوست” کہلائے گا۔ افسوسناک طور پر دونوجوانوں نے بغیر کسی سوچ کے زہریلی گولیاں کھا لیں جبکہ تیسرا دوست موقع سے فرار ہو گیا۔ دونوں متاثرہ نوجوانوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، مگر ڈاکٹروں کی تمام تر کوششیں رائیگاں گئیں اور دونوں زندگی کی بازی ہار گئے۔مرنے والوں میں سے ایک نوجوان شادی شدہ تھا اور صرف تین ماہ قبل اس کی شادی ہوئی تھی۔ اس واقعے نے نہ صرف ان کے اہلِ خانہ بلکہ پورے علاقے کو غم میں مبتلا کر دیا ہے۔ رجانہ کی فضا سوگوار ہے اور لوگ یہ سوال کرنے پر مجبور ہیں کہ آج کا نوجوان اتنا جذباتی کیوں ہو گیا ہے کہ دوستی ثابت کرنے کے لیے اپنی جان قربان کر دیتا ہے ماہرینِ نفسیات اس المیے کو جدید سماجی، نفسیاتی اور ثقافتی پیچیدگیوں سے جوڑتے ہیں۔ معروف ماہرِ نفسیات کے مطابق نوجوانوں میں خود کو “منوانے” کی شدید خواہش، ذہنی دباؤ، غیر حقیقی توقعات اور سوشل میڈیا پر وقتی شہرت پانے کا جنون انہیں ایسے غیر معمولی اور خطرناک فیصلے لینے پر مجبور کر دیتا ہے۔آج کا نوجوان اندر سے خالی ہوتا جا رہا ہے، اور وہ “قبولیت” کی تلاش میں وہ حدیں پار کر رہا ہے جہاں زندگی کی قدر باقی نہیں رہتی۔دونوں مرحومین کو آہوں، سسکیوں اور افسوس بھرے ماحول میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ مگر ان کے جانے سے جو سوالات جنم لے چکے ہیں، ان کے جوابات دینا اب ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔دوستوں کے درمیان مقابلہ، سوشل میڈیا کا اثر، اور معاشرتی طور پر جذباتی کمزوری انہیں تباہی کی راہ پر لے جا رہی ہے۔یہ افسوسناک واقعہ ہم سب کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔ والدین، اساتذہ، علماء، اور معاشرتی رہنماؤں کو نوجوانوں کی ذہنی صحت اور جذباتی تربیت پر بھرپور توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے۔ ورنہ اس طرح کی “شرطیں” مزید زندگیاں نگلتی رہیں گی۔*