*ٹی ایچ کیو میلسی میں تعینات ڈاکٹرنے غلط آپریشن کردیا* *اگر میری جان چلی گئی تو اس کا ذمہ دار کون ہو گا؟ — متاثر محمد رمضان کی پریس کانفرنس*
*ٹی ایچ کیو میلسی میں تعینات ڈاکٹرنے غلط آپریشن کردیا*
*اگر میری جان چلی گئی تو اس کا ذمہ دار کون ہو گا؟ — متاثر محمد رمضان کی پریس کانفرنس*
میلسی (محمدمختارسولگی)ٹی ایچ کیو میلسی میں تعینات ڈاکٹر کی مبینہ غفلت کے باعث ہرنیا کے ایک مریض کو نہ صرف جسمانی تکلیف کا سامنا ہے بلکہ وہ شدید ذہنی اذیت میں بھی مبتلا ہو چکا ہے۔ متاثرہ شہری ماڈل ٹاؤن میلسی کے رہائشی محمد رمضان نے ایک ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس واقعے کا فوری نوٹس لیں اور غفلت کے مرتکب ڈاکٹر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔
متاثرہ مریض نے بتایا کہ مورخہ 2 جولائی 2025 کو ان کا ہرنیا کا آپریشن ٹی ایچ کیو ہسپتال میلسی میں ڈاکٹر طارق بشیر نے کیا۔ محمد رمضان کے مطابق ان کی بیماری ایپی گیسٹرک ہرنیا تھی جو کہ ناف سے اوپر واقع تھی، مگر ڈاکٹر نے تشخیص کے بغیر ناف سے نیچے، نفس کے مقام پر آپریشن کر دیا۔
محمد رمضان نے پریس کانفرنس میں کہا کہ
یہ صرف ایک طبی غلطی نہیں بلکہ میری زندگی کے ساتھ خطرناک کھلواڑ ہے۔ درد کی شدت اتنی ہے کہ مجھے پاخانہ تک نہیں آ رہا، جسمانی حالت بگڑتی جا رہی ہے۔ اگر میری جان چلی جائے تو اس کا ذمہ دار کون ہو گا ؟
انہوں نے کہا کہ اب انہیں دوبارہ ایک ماہ بعد دوسرا آپریشن تجویز کیا گیا ہے، مگر وہ اس وقت چلنے، سونے اور بولنے تک کے قابل نہیں رہے۔ مریض نے یہ بھی انکشاف کیا کہ واقعے کے بعد بعض افراد ان کے خلاف جھوٹی افواہیں پھیلا رہے ہیں کہ انہوں نے ڈاکٹر سے مالی مفاہمت کر لی ہے۔
اس موقع پر محمد رمضان نے وضاحت کی کہ ہم نے کسی سے کوئی پیسے نہیں لیے۔ ہم نے صرف اللہ کی رضا کے لیے خاموشی اختیار کی تھی، مگر خاموشی کو کمزوری سمجھا جا رہا تھا
محمد رمضان نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکٹر طارق بشیر کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے اور معاملے کی غیر جانبدار انکوائری عمل میں لائی جائے اور میرا علاج کسی ماہر سرکاری ڈاکٹر کی زیر نگرانی مکمل کروایا جائے۔