November 25, 2026

میانوالی(اللہ نوازخان)گندم کی باقیات کوآگ لگانا

IMG-20250423-WA0279

میانوالی(اللہ نوازخان)گندم کی باقیات کوآگ لگانا ماحول کے لیے نقصان دہ ہے اور قانونی طور پر جرم بھی ہے۔ایف آئی آراورقانونی کاروائی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بہت سے کسان گندم کی فصل کی کٹائی سے فارغ ہو چکے ہیں اورگندم کی باقیات(کچرہ)کی صفائی کی جا رہی ہے،کیونکہ گندم کی باقیات زمین کو نقصان پہنچاتی ہیں۔اس لیے اکثرکسان فصل کی باقیات کو آگ لگا کر جلاتے ہیں،تاکہ زمین کی صفائی ہو سکےاور فصل کی پیداوار بڑھ سکے۔واضح رہے کہ گندم کی باقیات کو جب آگ لگتی ہے تو دھواں اٹھتا ہےاور یہ دھواں ماحول کو آلودہ کر دیتا ہے۔ماحول کی آلودگی انسانی زندگی سمیت دوسرے جانداروں کی زندگیوں کے لیے بھی خاصی خطرناک ہے۔آلودگی سے سانس کی بیماریاں اور دیگر بیماریاں انسانی حیات کو متاثر کر سکتی ہیں۔اس سے بہتر طریقہ یہ ہےکہ گندم کی باقیات کو زمین میں دبا کر بطورکھاد استعمال کر لیا جائے۔یہ(قدرتی اورمفت کی) کھاد زمین کے لیےبہتر ہوتی ہے اور اس سے فصل کی اوسط بھی بڑھ جاتی ہےنیز ماحول بھی آلودہ ہونے سے بچ جاتا ہے۔آگ لگانے سے بعض اوقات ساتھ والی زمین پر فصلوں کو بھی آگ لگ جاتی ہے،کیونکہ ابھی تک بہت سے کسانوں نے گندم کی کٹائی نہیں کی اور بہت سے کسانوں کی گندم کٹی ہوئی کھیتوں میں پڑی ہےاوراس عمل سے دوسرے کسانوں کو لاکھوں روپےکا نقصان اٹھانا پڑ جاتا ہے۔آگ لگانا قانونی طور پر بھی جرم ہےاور ایف آئی ار بھی کٹ سکتی ہے۔قانونی کاروائی ہونے کی صورت میں جرمانہ اور قید کی سزا بھی ہو سکتی ہے۔بہتر یہی ہے کہ گندم کی باقیات کو آگ لگانے سےگریز کیا جائےتاکہ ماحول بھی محفوظ رہے اور دیگر لوگوں کا نقصان بھی نہ ہو۔