تھرپارکر اور عمرکوٹ کے تاجروں اور پروڈیوسرز کے لیے ایم ڈی ایف کی ورکشاپ کا انعقاد
تھرپارکر اور عمرکوٹ کے تاجروں اور پروڈیوسرز کے لیے ایم ڈی ایف کی ورکشاپ کا انعقاد
عمرکوٹ ( رپورٹ ڈاکٹر ایم لال واگھانی بیورو چیف) عمرکوٹ میں سماجی تنظیم ایم ڈی ایف کی جانب سے تھرپارکر اور عمرکوٹ کی مختلف مارکیٹوں کے تاجروں اور پروڈیوسرز کے لیے ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں سماجی حلقوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق خوراک اور زراعت کے عالمی ادارے (FAO) کے تعاون سے ایم ڈی ایف کی جانب سے تھرپارکر اور عمرکوٹ کی مختلف مارکیٹوں کے تاجروں اور پروڈیوسرز کے لیے سندھ ایگریکلچر یونیورسٹی کیمپس کے آڈیٹوریم ہال میں ورکشاپ منعقد کیا گیا۔ ورکشاپ میں سماجی رہنماؤں عالمگیر بلال، پرتاب رائے مہیشوری، ظہور پلیجو، جنید شیخ، کلتار گل، ڈاکٹر غلام قادر ارباب، ڈاکٹر عبد الخالق، اور خالد میمن سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ مقررین نے تاجروں اور پروڈیوسرز کو کاروبار سے متعلق تجاویز پیش کیں اور کہا کہ اس ورکشاپ کا مقصد مارکیٹ کے تاجروں اور دیہی علاقوں کے لوگوں کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانا ہے۔ مقررین نے تاجروں اور دیہی افراد کو تجویز دی کہ وہ اپنی مصنوعات کو صاف ستھرا رکھیں، مناسب طریقے سے پیکنگ کریں اور جانوروں کی خوراک پر خاص توجہ دیں تاکہ ان کے کاروبار میں نمایاں اضافہ ہوسکے۔ اس کے علاوہ اجتماعی کاروبار کو فروغ دینے پر بھی زور دیا گیا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو براہِ راست فائدہ پہنچ سکے۔ ورکشاپ میں تھرپارکر اور عمرکوٹ کے سینکڑوں تاجروں اور پروڈیوسرز نے شرکت کی۔ دورانِ ورکشاپ، چوپائے مال، اناج کے تاجروں اور زراعت سے وابستہ کاروباری افراد کے مسائل پر تفصیلی بحث کی گئی۔