دہشت گردی کے خلاف متحد ہونے کا وقت آگیا، ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والا دہشت گرد ہے: مولانا فضل الرحمان
دہشت گردی کے خلاف متحد ہونے کا وقت آگیا، ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والا دہشت گرد ہے: مولانا فضل الرحمان
اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان نے قومی اسمبلی کی قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے ان کیمرا اجلاس سے خطاب میں واضح کیا کہ ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والا دہشت گرد ہے، دہشت گردی کا کوئی مذہب اور فرقہ نہیں ہوتا۔
مولانا فضل الرحمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں کسی مخمصے کا شکار ہوئے بغیر دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہوگا اور اس معاملے پر سیاسی اختلافات کو پس پشت ڈال کر متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایک استاد کو میں شہید کہہ سکتا ہوں لیکن مارنے والے کو مجاہد نہیں کہا جا سکتا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں بھی مختلف مکاتب فکر کے علما نے اس حوالے سے فتوے دیے ہیں اور ہم بھی اس مؤقف پر قائم ہیں کہ ریاست کے خلاف جنگ کرنے والوں کی حمایت نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانیں قربان کرنے والے سیکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں قوم کا ماتھے کا جھومر قرار دیا۔
مولانا فضل الرحمان نے تمام سیاسی قیادت اور قوم پر زور دیا کہ وہ کسی ابہام کے بغیر دہشت گردی کے خلاف یکجا ہو جائیں تاکہ ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔