November 16, 2026

ہارون آباد ڈپٹی کمشنرذوالفقار احمد بھون کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں طالبعلموں کو

20250317_220114

ہارون آباد

ڈپٹی کمشنرذوالفقار احمد بھون کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں طالبعلموں کو محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی اور روڈ حادثات کی روک تھام کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی، ڈی ایس پی ہائی وے پولیس، پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے عہدیداران، ریسکیو 1122، ہائی وے، موٹروے اور ٹریفک پولیس، اسسٹنٹ ڈائریکٹر کالجز، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے نمائندوں سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں صوبے بھر میں ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی، جن میں سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی، ریسکیو 1122، ٹریفک پولیس، موٹروے اور ہائی وے پولیس کے نمائندے شامل ہوں گے۔ یہ ٹیمیں کم عمر ڈرائیورز کی حوصلہ شکنی، موٹر سائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ اور سائیڈ شیشوں کے استعمال کو یقینی بنانے، اسکول وینز میں ایل پی جی سلنڈرز کے استعمال کی روک تھام اور شاہراہوں پر تیز رفتاری کنٹرول کرنے میں کردار ادا کریں گی۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ تمام اسکولوں، کالجز اور یونیورسٹیز میں روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی لیکچرز کا اہتمام کیا جائے اور طالبعلموں کو روڈ سیفٹی کے اصولوں سے آگاہ کیا جائے۔ کم عمر موٹر سائیکل اور کار سواروں کے خلاف خصوصی مہم چلائی جائے، جبکہ ٹریفک پولیس موٹر سائیکل لائسنس کے اجرا کو یقینی بنائے۔ اس کے علاوہ، تعلیمی اداروں میں پک اینڈ ڈراپ کی سہولت فراہم کرنے والی گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹس کی باقاعدہ جانچ کی جائے۔
سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حکومت پنجاب اور سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب کی ہدایات کے مطابق تعلیمی اداروں میں روڈ حادثات کی روک تھام کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں اسکولوں، کالجز اور یونیورسٹیز میں روڈ سیفٹی سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا۔
ریسکیو 1122 کے اعداد و شمار کے مطابق، 11 سے 20 سال کی عمر کے موٹر سائیکل سوار روڈ حادثات کی بڑی وجہ ہیں۔ کم عمر موٹر سائیکل سواروں کو تیز رفتاری اور غلط موڑ کاٹنے سے روکنے کے لیے والدین، اساتذہ اور تمام متعلقہ اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ مزید برآں، تعلیمی اداروں کے اوقات میں ہیوی ٹریفک کی آمدورفت محدود کرنے کے لیے حکمت عملی مرتب کی جا رہی ہے۔
اجلاس میں تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔