November 17, 2026

بلوچستان میں دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی، 9 افراد شہید سول سوسائٹی کا احتجاج

IMG-20250314-WA0178

بلوچستان میں دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی، 9 افراد شہید سول سوسائٹی کا احتجاج

رپورٹ ڈاکٹر ایم لال واگھانی بیوروچیف عمرکوٹ
عمرکوٹ بلوچستان کے علاقے بولان میں دہشت گردوں نے مسافروں پر وحشیانہ حملہ کر کے 9 بے گناہ شہریوں کو شہید کر دیا۔ اس المناک واقعے پر ملک بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ سول سوسائٹی، عوام اور ریاستی ادارے اس بزدلانہ کارروائی کی سخت مذمت کر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق دہشت گرد تنظیم BLA کے مسلح افراد نے رات کے اندھیرے میں ایک مسافر بس کو روک کر مسافروں کی شناخت کے بعد انہیں نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں 9 شہری موقع پر ہی شہید ہو گئے، جبکہ متعدد افراد خوف و ہراس کا شکار ہو گئے۔ اس واقعے کے بعد بلوچستان سمیت ملک کے دیگر شہروں میں عوام نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے اور دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ عمرکوٹ میں سول سوسائٹی کے نمائندوں رسول بخش رحیمدانی، غلام محمد کنبھر، فقیر محب منگریو، قربان علی اور دیگر نے پریس کلب کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان کے دشمن ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کے لیے معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، لیکن قوم اور فوج ان کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ سول سوسائٹی کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور انہیں عبرتناک سزا دی جائے تاکہ ملک میں امن و امان قائم رکھا جا سکے۔ عوامی سطح پر پاک فوج کے حق میں مظاہرے کیے جا رہے ہیں، جن میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر “پاکستان زندہ باد، پاک فوج پائندہ باد” کے نعرے درج تھے۔ شرکاء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔