November 17, 2026

خیبرپختونخوا میں کرپشن کا بازار گرم عوام کا پرسان حال کون _تحریر: خوشحال خان_

20250225_200152

خیبرپختونخوا میں کرپشن کا بازار گرم عوام کا پرسان حال کون

_تحریر: خوشحال خان_

خیبر پختونخواہ میں کرپشن کا بازار گرم ہے. آئے روز کرپشن کے نت نئے اسکینڈل سامنے آرہے ہیں اور کمیشن و رشوت دیے بغیر گزر بسر کرنا نا ممکن ہو گیا ہے۔

حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے سیاست میں لگی ہوئی ہے جس کی وجہ سے خیبرپختونخواہ میں کاروبار تباہی کی طرف گامزن ہے اور کاروباری طبقہ صوبہ چھوڑنے پر مجبور ہو گیا ہے۔

حال ہی میں خیبرپختونخوا میں کرپشن کا ایک اور بڑا سکینڈل منظر عام پر آیا ہے۔ 8 فروری 2025ء کو خیبرپختونخوا حکومت نے گندم کی کٹائی کے بعد ایک بڑے پیمانے پر گندم خریداری مہم کا آغاز کیا۔ اس مہم کے تحت ڈیرہ اسماعیل خان کے لیے 30 ہزار میٹرک ٹن گندم خریدنے کی اجازت دی گئی، جبکہ خریداری کی قیمت 100 کلوگرام کے لیے 9700 روپے (یعنی میٹرک ٹن کی قیمت 97000 روپے) مقرر کی گئی۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ یہ قیمت پنجاب اور بلوچستان کی قیمتوں سے کہیں زیادہ رکھی گئی تھی۔

مہم کے دوران کل 30 ہزار میٹرک ٹن میں سے 24,505.7 میٹرک ٹن گندم محکمہ خوراک ڈی آئی خان نے خریدی۔ تاہم اس عمل میں متعدد بے ضابطگیاں اور بدعنوانی کے الزامات سامنے آئے جن کی وجہ سے قومی خزانے کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

باوثوق ذرائع کے مطابق، وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا نے گندم خریداری کی نگرانی کے لیے اپنے تین ساتھیوں کو تعینات کیا۔ محکمہ خوراک کو ہدایت دی گئی کہ وہ انہی ساتھیوں کے منتخب کردہ افراد سے گندم خریداری کرے۔

ذرائع کے مطابق ان تین ساتھیوں میں کنٹریکٹر حزب اللہ گنڈاپور، نیشنل اسمبلی این اے 45 کے امیدوار شعیب میاں خیل، اور علی امین گنڈاپور کے ذاتی سیکریٹری گل زمان شامل تھے۔ ان افراد نے پنجاب کے متصل اضلاع سے گندم انتہائی سستی قیمت یعنی 6500 روپے فی 100 کلوگرام پر خریدی، جس کے بعد محکمہ خوراک نے اسے 9750 روپے فی 100 کلوگرام کی قیمت پر بیچ کر فی 100 کلوگرام 2500 سے 2700 روپے کا منافع کمایا۔

مزید تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ علی امین گنڈاپور کے دیگر ساتھیوں میں بابر میاں خیل، کامران شاہ (ایم پی اے امیدوار، پہاڑ پور)، رحمت نیازی، سعد گنڈاپور (حزب اللہ کا بیٹا)، حیدر میاں خیل، سلطان پروہ، حاجی حسن خار، عبدالحمید نیازی (سابق ایم پی اے لیہ) اور سمیع میاں خیل شامل ہیں۔ کمپنیوں یا ایجنسیوں سے خریداری پر ودہولڈنگ ٹیکس عائد کیا گیا، لیکن مذکورہ تین ساتھیوں نے مقامی کسانوں کی زمین کے دستاویزات کا غلط استعمال کر کے ٹیکس سے بچنے کی تدابیر اختیار کیں۔

یہ تمام عمل محکمہ مال کے افسران کی ملی بھگت سے کیا گیا جنہوں نے مقامی کسانوں کے دستاویزات فراہم کیے۔

محکمہ خوراک ڈی آئی خان نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے 20,371.7 میٹرک ٹن گندم مقامی کسانوں سے خریدی، لیکن باوثوق ذرائع کے مطابق حقیقت میں صرف 4 سے 4.5 میٹرک ٹن گندم مقامی کسانوں سے خریدی گئی جبکہ تقریباً 20,000 میٹرک ٹن گندم ایجنٹوں یا علی امین گنڈاپور کے ساتھیوں سے خریدی گئی۔

اس بدعنوانی کے الزامات کے بعد ڈیرہ اسماعیل خان کے تھانہ اینٹی کرپشن میں سرکل آفیسر نے شکایت درج کرائی، اور متعلقہ معلومات پولیس کے ذریعے قومی احتساب بیورو کو بھی ارسال کی گئی تاکہ اس معاملے کی تحقیقات جلد از جلد شروع کی جا سکیں۔

یہ کوئی پہلی دفعہ نہیں ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کے خلاف کرپشن کے شواہد منظر عام پر آچکے ہیں اس پہلے بلین ٹری سونامی پروجیکٹ میں کرپشن کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔ یاد رہے عمران خان کی ہدایت پر 2014 میں خیبرپختونخوا حکومت نے بلین ٹری سونامی پروجیکٹ کا آغاز کیا۔

عمران خان نے دعویٰ کیا کہ کے پی حکومت نے چند مہینوں میں 1.18 ارب درخت لگائے اور اُگائے ہیں۔ لیکن کے پی کے سرکاری دستاویزات کے مطابق اس تعداد کا تقریباً 65 فیصد درختوں کی قدرتی افزائش کے زمرے میں شمار کیا گیا۔ 20 فیصد (تقریباً 24 کروڑ) درخت اصل میں لگائے گئے، جبکہ 13 فیصد عوام میں مفت تقسیم کیے گئے، جن کے بارے میں کوئی واضح معلومات نہیں ہیں کہ انہیں لگایا گیا یا نہیں۔

تاہم، پاکستان کے آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں اس منصوبے میں 3.493 ارب روپے کی بے ضابطگیاں دیکھنے کو ملی ہیں اور تقریباً 1.25 ارب روپے کے اخراجات کو فضول، غیر قانونی اور غیر ضروری قرار دیا گیا ہے۔

یاد رہے اگست کے مہینے میں خیبرپختونخواہ میں بے تحاشا کرپشن کی وجہ سے خیبرپختونخواہ کے وزیر تعمیرات شکیل احمد خان نے وزیر اعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور پر کرپشن اور خراب گورننس کا الزام لگاتے ہوئے اپنے وزارت سے استعفیٰ دیا تھا۔

شکیل خان نے ‎عمران خان اور گڈ گورننس کمیٹی کو دی جانے والی تحریری شکایت میں الزام لگایا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا جناب علی امین گنڈاپور صاحب صوبے میں بڑے پیمانے پر کرپشن میں ملوث ہے۔ شکیل خان کی جانب سے وزیر اعلٰی پر ہر ٹھیکے میں 10 سے 20 فیصد کمیشن لینے کا بھی الزام لگایا تھا۔

بدقسمتی سے خیبرپختونخوا کے ہر محکمے کا یہی حال ہے۔ ہر محکمے میں کرپشن عروج پر ہے۔ محکمہ اوقاف میں کروڑوں روپے کا ایک اور سکینڈل منظر عام پر آیا تھا جس میں مساجد اور مدارس کو دیئے جانے والے فنڈ میں وسیع پیمانے پر خرد برد کا انکشاف ہوا تھا۔

اس کے علاوہ صوبے میں دوائیوں اور میڈیکل آلات کا ایک بڑا سکینڈل سامنے آیا تھا جس میں تقریباً 44.58 بلین روپے کی خوردبرد منظر عام پر آئی تھی۔

‏خیبرپختونخوا کی عوام کا کوئی پرسانے حال نہیں۔ غریب عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا جارہا کیونکہ خیبرپختونخوا میں کرپشن کا بازار گرم ہے اور عوام کا پیسہ کرپشن کی نظر ہورہا ہے۔