September 30, 2026

میٹرک کے نئےٹیکنیکل کورسز کا امتحان پنجاب بورڈ آف ٹیکنکل ایجوکیشن لے گا۔ انٹربورڈ کوآرڈینیشن کمیشن (IBCC) کے 19 فروری 2025کو ہونے والے اجلاس میں متفقہ فیصلہ

20250225_200152

میٹرک کے نئےٹیکنیکل کورسز کا امتحان پنجاب بورڈ آف ٹیکنکل ایجوکیشن لے گا۔
انٹربورڈ کوآرڈینیشن کمیشن (IBCC) کے 19 فروری 2025کو ہونے والے اجلاس میں متفقہ فیصلہ

پاکستان میں میٹرک کی سطح پر ٹیکنیکل ایجوکیشن متعارف کروا دی گئی۔ انٹربورڈ کوآرڈینیشن کمیشن (IBCC) کی اکیویلنس کمیٹی کے اجلاس منعقدہ 19 فروری 2025 میں ایک تاریخی فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن (PBTE) کو میٹرک ٹیک کے نئے پروگرامز کے طلباء و طالبات کے امتحان لینے اور سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی باقاعدہ اجازت دے دی گئی ہے۔ یہ منظوری بین الاقوامی طرز پر میٹرک کی سطح پر ٹیکنیکل ایجوکیشن کی ضروریات کے پیش نظر دی گئی ہے۔ ماہرین تعلیم اس اقدام کو پاکستان میں تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنرمند بنانے کی طرف ایک اہم سنگ میل قرار دے رہے ہیں۔
منظور شدہ میٹرک ٹیک پروگرامز میں کمپیوٹر سائنس، ہیلتھ سائنس، ایگریکلچر سائنس اور فیشن ڈیزائننگ شامل ہیں، جو طلباء کو روایتی تعلیم کے ساتھ جدید تکنیکی مہارتوں سے بھی آراستہ کریں گے۔ میٹرک میں نئے کورسز متعارف کا معاملہ چیئرمین پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن صاحبزادی وسیمہ عمر نے IBCC کے 180ویں اجلاس میں پیش کیا تھا، جہاں اسے بھرپور پذیرائی ملی جبکہ حالیہ اجلاس میں میٹرک کے ان نئے کورسز کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی ہے۔
اب پاکستان بھر میں سرکاری و نجی تعلیمی ادارے، جو اپنے صوبہ کے متعلقہ بورڈز آف ٹیکنیکل ایجوکیشن (BTEs) سے الحاق حاصل کریں گے، ان جدید میٹرک ٹیک پروگرامز کو شروع کر سکیں گے۔ اس کے نتیجے میں PBTE کو بھی یہ اختیار حاصل ہوگیا ہے کہ وہ ان پروگرامز کے تحت تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کا امتحان لےاور انہیں باضابطہ اسناد جاری کرے۔
یہ فیصلہ پاکستان میں تکنیکی و پیشہ ورانہ تعلیم کے فروغ میں ایک نمایاں سنگ میل ہے، جو نوجوان نسل کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے، روزگار کے بہترین مواقع فراہم کرنے اور قومی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کا موقع دے گا۔میٹرک کے نئے کورسز شروع کروانے کے سلسلہ میں منسٹر ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ رانا سکندر حیات، سابقہ ڈی جی پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی و چیئرپرسن پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن صاحبزادی وسیمہ عمر اور پی بی ٹی اے کے سینیر ریسرچ آفیسر محمد شہزاد جاوید نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس اقدام کو تعلیمی ماہرین اور صنعتی شعبے میں بھی بے حد سراہا جا رہا ہے۔ اس فیصلہ سے میٹرک کی سطح پر طلباء و طالبات کو تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنرمندہ ہونے کا موقع ملے گا جو مستقبل میں ان کے لئے ترقی اور خوشحالی کے نئے در کھولے گا۔