*جامعہ کراچی: فیکلٹی آف فارمیسی اینڈ فارماسیوٹیکل سائنسزکے زیر اہتمام کیرئیر فیئر کا انعقاد*
*جامعہ کراچی: فیکلٹی آف فارمیسی اینڈ فارماسیوٹیکل سائنسزکے زیر اہتمام کیرئیر فیئر کا انعقاد*
*مسائل کو نظر انداز کرنے کے بجائے اس کا حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹرخالد محمود عراقی*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن نے صنعتوں سمیت سب کو متاثر کیا ہے، طب کے شعبے میں مصنوعی ذہانت کا ایک بہت اہم مقصد ہے۔ ہمیں مسائل کو نظر انداز کرنے کے بجائے اس کا حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ ہم صنعتوں سے آگے آنے کی توقع کرتے ہیں ہمیں اپنا یہ رویہ تبدیل کرنے، صنعتوں سے رجوع کرنے اور مصنوعات و مارکیٹ کے مابین خلیج کو کم کرنے اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق مصنوعات تیارکرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں تواتر کے ساتھ فارماسیوٹیکل کمپنیوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ اکیڈیمیاء اور انڈسٹریز کے مابین اشتراک سے نہ صرف جامعہ کے فارغ التحصیل طلبہ کو بلکہ دوران تدریس بھی طلبہ کو ملازمت کے مواقع میسر آتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیکلٹی آف فارمیسی اینڈ فارماسیوٹیکل سائنسز جامعہ کراچی کے زیر اہتمام منعقدہ سالانہ کیرئیر فیئر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ کیرئیر فیئر کے انعقاد کا مقصد صنعتوں کے ساتھ روابط کو فروغ دینا ہے جس کا انعقاد لائق تحسین اور قابل تقلید ہے۔ اس طرح کی تقریبات کے انعقاد سے مارکیٹ کی ضروریات کا اندازہ ہوتا ہے جس کے ذریعے ہمیں اپنے نصاب کو مارکیٹ کی ضروریات اور تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں مدد ملتی ہے۔ کیرئیر فیئر 2میں مختلف کمپنیوں کے چالیس سے زائد اسٹالز لگائے گئے تھے جس پر طلبہ نے معلومات حاصل کیں، اور سی وی بھی جمع کرائیں۔ اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف فارمیسی پروفیسر ڈاکٹرحارث شعیب کے ہمراہ شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور اس کو خوش آئندہ قرار دیا۔ ڈین فیکلٹی آف فارمیسی جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر حارث شعیب نے کہا کہ کیرئیر فیئر کے انعقاد مقصد فیکلٹی کے طلبہ کے لئے ملازمت کے بہتر سے بہتر مواقع تلاش کرنا ہے اور مجھے خوشی ہے کہ کلیہ علم الادویہ جامعہ کراچی ہر سال باقاعدگی سے کیرئیر فیئر کے انعقاد کو یقینی بنارہی ہے جس کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ طلبہ صنعتوں اور اسپتالوں سے براہ راست رابطے میں آئیں اور صنعتوں اور اسپتالوں کو بھی یہ معلوم ہوسکے کہ ہمارے یہاں کن صلاحیتوں اور تعلیمی حیثیت کے حامل طلبہ پائے جاتے ہیں، مذکورہ کیرئیر فیئر اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔